کالعدم تنظیم حرکت المجاہدین کے سربراہ فضل الرحمان خلیل سمیت 3 پاکستانی عالمی دہشت گرد قرار

ویب ڈیسک  بدھ 1 اکتوبر 2014
فضل الرحمان خلیل پر  اسامہ بن لادن سے قریبی روابط  جبکہ نعیم شیخ اور عمیر شیخ پرلشکر طیبہ کی مالی معاونت کا الزام ہے,فوٹو: فائل

فضل الرحمان خلیل پر اسامہ بن لادن سے قریبی روابط جبکہ نعیم شیخ اور عمیر شیخ پرلشکر طیبہ کی مالی معاونت کا الزام ہے,فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا نے کالعدم تنظیم حرکت المجاہدین کے سربراہ فضل الرحمان خلیل سمیت 3 پاکستانیوں کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرکے ان کے اثاثے منجمد کردیئے ہیں۔ 

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے کالعدم تنظیم حرکت المجاہدین کے سربراہ فضل الرحمان خلیل سمیت محمد نعیم شیخ اور عمیر نعیم شیخ نامی 3 پاکستانیوں کو دہشتگردوں کی عالمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، امریکا نے فضل الرحمان خلیل پر القاعدہ سے قریبی روابط  جبکہ نعیم شیخ اور عمیر شیخ پر کالعدم تنظیم  لشکر طیبہ کی مالی معاونت کا الزام عائد کیاہے۔

فضل الرحمان خلیل، نعیم شیخ اور عمیر شیخ کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے بعد امریکی محکمہ خزانہ نے بھی تینوں افراد اور ان کی کاروباری کمپنیوں کے امریکا یا امریکی شہریوں کے کنٹرول میں موجود تمام اثاثے منجمد کردیئے ہیں اور اب امریکی شہری ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا تجارتی لین دین بھی نہیں کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا نے کالعدم  لشکر طیبہ اور اس سے تعلق رکھنے والے 27 افراد اور تین اداروں کو پہلے ہی دہشتگرد قرار دے رکھا ہے، ان پابندیوں کے اعلان سے ایک روز قبل ہی بھارتی  وزیرِ اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر براک اوباما نے لشکرِ طیبہ سمیت شدت پسند تنظیموں کے خلاف مشترکہ کاررائیوں پر اتفاق کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔