کراچی حصص مارکیٹ میں مزید 270 پوائنٹس کا اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعرات 2 اکتوبر 2014
انڈیکس 29996 پر آگیا، 216 کمپنیوں کی قیمتیں، مارکیٹ سرمایہ65.8 ارب روپے بڑھ گیا۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

انڈیکس 29996 پر آگیا، 216 کمپنیوں کی قیمتیں، مارکیٹ سرمایہ65.8 ارب روپے بڑھ گیا۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

کراچی: اوجی ڈی سی ایل انتظامیہ کی بریفنگ کے بعدسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے اور پنجاب میں بدترین سیلاب کے باوجود ماہ ستمبرمیں توقعات کے مطابق مہنگائی کی شرح7.7 فیصد رہنے کے جیسے عوامل کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس30000 پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا، 55.10 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید65 ارب80 کروڑ74 لاکھ35 ہزار82 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ امریکی قونصل جنرل کی کراچی اسٹاک ایکس چینج آمد کے بھی کاروبارپر مثبت اثرات مرتب ہوئے خصوصاً غیرملکیوں نے مخصوص شعبوں کی کمپنیوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھائی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس270.22 پوائنٹس کے اضافے سے29996.61 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس183.28 پوائنٹس کے اضافے سے 20397.84 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس428.81 پوائنٹس کے اضافے سے48808.19 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 24.92 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 12 کروڑ 53 لاکھ 91 ہزار680 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار392 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں216 کے بھاؤ میں اضافہ، 152 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔