گولڈ میڈلز کی ’’آس‘‘ سے پاکستانی پیاس بڑھنے لگی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعرات 2 اکتوبر 2014
وسیم تابڑ توڑمکوں سے تمغے کی راہ میں حائل دیواریں گرانے کیلیے پُرعزم، کبڈی ٹائٹل پاکستان سے دوہاتھ کی دوری پررہ گیا، دیگر کھیلوں میں مایوس کن پرفارمنس جاری۔  فوٹو : اے ایف پی/فائل

وسیم تابڑ توڑمکوں سے تمغے کی راہ میں حائل دیواریں گرانے کیلیے پُرعزم، کبڈی ٹائٹل پاکستان سے دوہاتھ کی دوری پررہ گیا، دیگر کھیلوں میں مایوس کن پرفارمنس جاری۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

انچیون: ایشین گیمز میں گولڈ میڈلز کی ’آس‘ سے پاکستانی پیاس بڑھنے لگی، مزید 3 طلائی تمغوں کے حصول کا خواب آنکھوں میں جھلملانے لگا، پاکستان ہاکی فائنل میں بھارت کو پھر نشان عبرت بنانے کیلیے بے چین ہے۔

کھلاڑی 32 برس پرانی کہانی دہرانے کے خواہاں ہیں۔ محمد وسیم تابڑ توڑ مکوں سے سونے کے تمغے کی راہ میں حائل دونوں دیواریں گرانے کیلیے پُرعزم ہیں۔ کبڈی میں ٹائٹل پاکستان سے دو ہاتھ کی دوری پر ہے۔ دوسری جانب بدھ کو مختلف کھیلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی مایوس کن رہی، رگبی میں آخری پوزیشن کی رسوائی سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے، والی بال میں 16 ٹیموں میں 11واں نمبر رہا، ٹیبل ٹینس میں بھی ناکامیوں کی داستانیں رقم ہوتی رہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز میں پاکستان کی جانب سے مزید تین گولڈ میڈلز کے حصول کا امکان اب بھی باقی ہے، سب سے زیادہ امیدیں ہاکی ٹیم سے وابستہ ہیں جو32 برس بعد فائنل میں روایتی حریف بھارت کے مدمقابل آرہی ہے، آخری مرتبہ گرین شرٹس نے بھارتی ٹیم کو دہلی گیمز میں 7-1 سے روندا تھا، میزبان سائیڈ کی رسوائی کا سامنا کرنے والے تماشائیوں میں خود ان کے ملک کے وزیراعظم بھی شامل تھے۔ ایشین گیمز میں پاکستان کا ریکارڈ انتہائی شاندار ہے، اس نے اب تک 9 گولڈ میڈلز اپنے نام کیے جبکہ بھارت نے صرف2 مرتبہ طلائی تمغہ پایا۔

دونوں ٹیموں کے لیے جمعرات کو کھیلا جانے والا فائنل اس لیے بھی زیادہ اہم ہے کہ فاتح سائیڈ سونے کے تمغے کے ساتھ ریواولمپکس 2016 کی ڈائریکٹ فلائٹ کا ٹکٹ کا بھی کٹوا لے گی جبکہ ناکام ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔ ایک اور گولڈ میڈل کا حصول ممکن بنانے کیلیے اسٹار باکسر محمد وسیم جمعرات کو سیمی فائنل میں ازبکستان کے شخوب دین زوئروف سے دودو ہاتھ کریں گے، یادرہے کہ محمد وسیم کو حال ہی میں گلاسگو اسکاٹ لینڈ میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں فائنل میں ریفری نے متنازع فیصلے کے ذریعے گولڈ میڈل سے محروم کردیا تھا۔ دوسری طرف پاکستان کیلیے سنہری تمغے کی ایک اور امید کبڈی اسکواڈ سے ہے جو سیمی فائنل میں مضبوط ایرانی سائیڈ سے مقابلہ کرے گا، واضح رہے کہ دونوں سائیڈز ایشین گیمز کے گذشتہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے آچکی ہیں، گوانگژو کے مقام پر ایرانی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد ایک پوائنٹس سے فتح حاصل کی تھی۔

جمعرات کو باکسنگ مائنس63 کے جی میں ارسلان اسد خان اور ویمنز مائنس67 کے جی مقابلوں میں آسیہ بتول ایکشن میں نظر آئیں گی، ٹیبل ٹینس ویمنز سنگلز کے الیمنیشن راؤنڈ میں راحیلہ کاشف شریک ہوں گی۔ دوسری طرف بدھ کو ایونٹ کے 13 ویں روز دیگر کھیلوں میں پاکستانی پلیئرز کی مایوس کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا۔ رگبی ایونٹ کے گروپ بی میں شامل ٹیم نے ایک بھی اسکور کیے بغیر پے در پے4 رسوائیوں کو گلے لگا لیا۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز ہانگ کانگ اور چین کے ہاتھوں یکطرفہ مقابلوں میں ہارنے والی ٹیم کا تیسرے گروپ میچ میںفلپائن سے سامنا ہوا، جس کے نتائج بھی مختلف نہیں تھے اور قومی ٹیم 0-59 سے ہار گئی۔ بعدازاں اسے 9 پوزیشن کیلیے ابتدائی میچ میں ملائیشیا کیخلاف صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا لیکن اس میچ میں بھی 0-36 کے اسکور سے ناکامی ملی۔

ٹیم آخری پوزیشن کی رسوائی سے بچنے کیلیے جمعرات کو سعودی عرب کا مقابلہ کرے گی۔ دوسری طرف والی بال میں پاکستانی سائیڈ نے سعودی عرب کو 3-0 سے ہرا کر 11 ویں پوزیشن حاصل کرلی، ایونٹ میں16 ٹیمیں شریک تھیں، سعودیہ کیخلاف فتح کا اسکور 29-27,25-17 اور25-16 رہا۔ پاکستان کی جانب سے نصیر احمد نے 20 پوائنٹس حاصل کیے۔ تائیکوانڈو مائنس80 کے جی ایونٹ کے راؤنڈ 16 میں پاکستانی عاطف ارشد چین کے سین قاید سے 5 کے مقابلے میں 14 پوائنٹ سے ہار گئے۔ ٹیبل ٹینس میں پاکستان کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا، بدھ کو مینز سنگلز الیمنیشن راؤنڈ 32 میں محمد رمیز کو ایرانی نوشاد محمد نے 4-0 سے روند دیا، عاصم قریشی کو چائنیز تائپے کے چیا جیون کے ہاتھوں اسی مارجن سے شکست ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔