فلسطین کی فٹبال ٹیم 10 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 2 اکتوبر 2014
واحد دوستانہ مقابلہ 12 تاریخ کو پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، قومی کوچ بحرین روانہ۔ فوٹو: فائل

واحد دوستانہ مقابلہ 12 تاریخ کو پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، قومی کوچ بحرین روانہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: فلسطین کی فٹبال ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، پی ایف ایف کی خصوصی دعوت پر10 اکتوبر کو لاہور پہنچنے والی مہمان سائیڈ اپنے دورے میں میزبان کیخلاف واحد میچ 12 تاریخ کو لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

باوثوق ذرائع کے مطابق فلسطینی فٹبال ٹیم کو اپنے دورئہ پاکستان میں2 میچز کھیلنا تھے تاہم فیڈریشن نے بوجوہ صرف ایک میچ ہی کے انعقاد کا فیصلہ کیا، دوسری جانب واحد انٹر نیشنل دوستانہ میچ کے لیے قومی تربیتی کیمپ کا آغاز 8 اکتوبر سے ہوگا لیکن اس میں قومی فٹبال ٹیم اپنے 4 اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہوگی، کلیم اللہ، صدام، عادل احمد اور بابر بیرون ملک کنٹریکٹ کے سبب مصروفیت کے باعث گرین شرٹس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

پی ایف ایف نے ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں رضا علی(سوئی گیس)، رحمان (کے الیکٹرک)، عمیر اور امجد ( ایچ ای سی) کوکیمپ میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسری جانب ایشین گیمز میں چین اورکوریا سے مات کھانے والی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ بحرین کے شملان عیدالاضحیٰ کی تعطیلات منانے اپنے وطن روانہ ہوگئے، وہ چند روز بعد کیمپ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔