ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر ہرا دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اکتوبر 2014
پوری ٹیم فارم میں ہے اور اچھا کھیل پیش کر رہی ہے جس کے باعث فائنل میں جیت کے امکانات روشن ہیں، کپتان محمدعمران   فوٹو: اے ایف پی/فائل

پوری ٹیم فارم میں ہے اور اچھا کھیل پیش کر رہی ہے جس کے باعث فائنل میں جیت کے امکانات روشن ہیں، کپتان محمدعمران فوٹو: اے ایف پی/فائل

انچیون: 17 ویں ایشن گیمز ہاکی کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کا میچ مقررہ وقت تک برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹس پر ہوا جس میں قومی ہاکی ٹیم نے 2 جب کہ بھارت نے 4 گول کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کے ساتھ آئندہ ہونے والے اولمپکس گیمز کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

پاکستانی ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک میں دم توڑتی ہاکی میں نئی جان ڈال دی ہے، شاہینوں نے پہلے میچ میں سری لنکا کو بھاری مارجن سے ہرا کر اپنے اعزاز کے دفاع کا شاندار آغاز کیا، گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو بھی سخت مقابلے کے بعد ہرایا جب کہ سیمی فائنل میں ملائشیا کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دی اور آج فائنل میں روائتی حریف بھارت کا سامنا کررہی ہے۔ میچ کے دوران پاکستان کی جانب سے واحد گول محمد رضوان نے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ کیا جس کے کچھ دیر بعد بھارت کی جانب سے گول کر کے میچ کو ایک ایک سے برابر کردیا گیا۔

قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے گزشتہ روز گولڈ میڈل جیتنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم فارم میں ہے اور اچھا کھیل پیش کر رہی ہے جس کے باعث فائنل میں جیت کے امکانات روشن ہیں جبکہ شکیل عباسی نے ٹیم کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام لڑکے فٹ ہیں اور فائنل جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ادھر قومی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ٹیم پلان کے مطابق کھیلی اور اگر فائنل میں گول کرنے کے مواقع سے پورا فائدہ اٹھایا تو جیت مقدر بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔