شاہ رخ خان نے عامر خان كو ’’آدھا اداكار‘‘ كہہ ڈالا

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اکتوبر 2014
دونوں سپر اسٹارز ایک دوسرے پر تنقید کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے. فوٹو؛ فائل

دونوں سپر اسٹارز ایک دوسرے پر تنقید کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے. فوٹو؛ فائل

ممبئی: بالی ووڈ خانز جہاں اپنی اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں وہیں تینوں کے درمیان الفاظ کی جنگ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور اس بار شاہ رخ خان نے اپنے فلمی حریف عامر خان کو ’’آدھا اداکار‘‘ کہہ ڈالا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش تھیں کہ بالی ووڈ کے کنگ خان اور مسٹر پرفیکٹ كے اختلافات ختم ہو چكے ہيں ليكن دونوں سپر اسٹارز کے درمیان الفاظ کی جنگ کا تازہ ترين واقعہ اس وقت پیش آیا جب شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ کی پروموشن کے لئے ایک پروگرام میں شریک تھے تو  گلوکار نے عامر خان کی فلم ’’ تھری ایڈیٹس‘‘ کا گانے گا لیا۔ کنگ خان کو جب اس بات کا علم ہوا تو انھوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیج پر اتنے بڑے بڑے اداکار موجود تھے آپ نے ’’آدھے اداکار‘‘ کی فلم کے گانے کا انتخاب کیوں کیا۔

واضح رہے کہ یہ  پہلا موقع نہیں جب دونوں اداکاروں کے درمیان الفاظ کی جنگ لڑی گئی ہو، دونوں سپر اسٹارز ایک دوسرے پر تنقید کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے. اس س قبل شاہ رخ خان نے عامر خان کو ان کی نئی آنے والی فلم میں برہنہ سین کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا جس کے جواب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ جو لوگ دوسروں کے لئے گڑھا کھودتے ہیں وہ خود اس میں گرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔