(پاکستان ایک نظر میں) - تبدیلی، خواب یا حقیقت؟

شاہد کاظمی  جمعرات 2 اکتوبر 2014
پاکستان جیسے ملک میں تبدیلی محض خواہشتات سے نہیں آسکتی جہاں بھٹو، شریف خاندان، ہوتی، سرداروں کی حکومت ہے۔ یہاں تو تبدیلی کے لیے عملی کوشش اور آگاہی کی بھی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان جیسے ملک میں تبدیلی محض خواہشتات سے نہیں آسکتی جہاں بھٹو، شریف خاندان، ہوتی، سرداروں کی حکومت ہے۔ یہاں تو تبدیلی کے لیے عملی کوشش اور آگاہی کی بھی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

پنجاب یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کرنے والے ’ فہد رسول‘ نے وطن عزیز کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ پنجاب کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئے ۔ اپنے تمام تعلیمی کیرئیر میں ان کی وابستگی سرکاری تعلیمی اداروں سے رہی ۔ ان کے خاندان میں کبھی بھی کوئی سیاسی عہدے پر نہیں رہا۔ وہ اس اعلیٰ درجے تک پہنچنے والے خاندان کے پہلے فرد ہیں۔ اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی انہوں نے ملک میں مفت تعلیم کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اس سلسلے میں انہوں نے معاشی طور پر اس منصوبے کے لیے ملک کے ایک ماہر معیشت دان کو ضروری سرمائے کی فراہمی کا حکم بھی صادر کیا ہے کیوں کہ یہی ماہر معیشت دان جو دنیا کے مالیاتی اداراں میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ان کی کابینہ میں وزیر خزانہ بھی ہوں گے۔

اس کے علاوہ اس منصوبے کے لیےوزیر اعظم فہد رسول  نے وطن عزیز کی ایک ممتاز علمی شخصیت کودیکھ بھال کی ذمہ داریاں سونپی ہیں ۔ یہ شخصیت اس منصوبے کی منصوبہ بندی، عملی شکل دینے اور شکایات و تجاویز کے حوالے سے بھی ذمہ دار ہوں گے۔نئے وزیر اعظم نے دیگر شعبوں میں بھی بہترین ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سے پہلے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج اپنے سر پر سجانے والے علی احسن نے صوبے بھر میں کرپشن کی شکایات وصول کرنے والے سیل کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کیا تھا۔جبکہ  انہوں نے ایک ماہ کے اندر پولیس اصطلاحات کا عندیہ بھی دیا ہے اس کے علاوہ وہ مشاورت کے ساتھ جلد ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی خط لکھیں گے۔ سندھ میں اپنے تعلیمی دور میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے  محمد فرہاد نے وزارت اعلیٰ کی بھاگ دوڑ سنبھال لی ہے اور عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کو انجینئرنگ یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے اپنی رہائش اپنے آبائی گھر میں رکھنے کو ترجیح دی ہے۔ قاسم خان جو کسی دور میں دہشت گردی کے خلاف ایک تحریک بن کر ابھرے تھے خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے تمام شورش زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے۔ بلوچستان میں تاریخ میں پہلی بار موسیٰ بلوچ جیسا شخص اعلیٰ وزارت تک پہنچا ہے جس کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں۔ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے بلوچستان میں ہی سکونت اختیار کی۔ انہوں نے بلوچستان کے ذخائر کو مقامی لوگوں کی ترقی پر خرچ کرنے کا عزم دوہرایا جو ان کا انتخابی نعرہ بھی تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی وفاق سے رابطہ کیا ہے۔

کیا ہوا؟ آپ اِس کو حقیقت سمجھ بیٹھے؟ نہیں جناب یہ صرف ایک خواب ہے اور خدشہ ہے کہ یہ خواب  ہی رہے گا ۔کیوں کہ یہ سب فرضی کردار ہیں اور اگر ہم اپنی سوچ کو بدلنے کا ارادہ نہیں کریں گے تو یہ فرضی کردار حقیقت کا روپ کبھی نہیں دھار سکتے کیوں کہ ان کرداروں کو حقیقت کا روپ دھارنے کے لیے ایک عام آدمی سے لے کر اس ملک کی اشرافیہ تک کہ ایک مصمم ارادہ کرنا ہو گا۔ کیونکہ  سندھ میں’بھٹوز‘ کا زور ٹوٹتا دکھائی نہیں دیتا۔ بلاول اپنے نام کے ساتھ بھٹو کا لاحقہ لگا کر مکمل اڑان بھرنے کی تیاری میں ہیں۔ پنجاب میں’ شریف خاندان‘ پوری طرح حاوی نظر آتا ہے۔ حمزہ شہباز پنجاب کے غیر اعلانیہ سربراہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مریم نواز 100 ارب روپے کے منصوبے کی سربراہی سے سیاست میں پہلے ہی قدم رکھ چکی ہیں۔ بلوچستان میں’سردارانہ ملاپ‘ کے علاوہ کوئی نظام چلتا نظر نہیں آتاکیوں کہ جو ملا جلا رجحان اس وقت ڈاکٹر عبدالمالک کی سربراہی میں کام کر رہا ہے اس میں تبدیلی کے آثار نہیں۔۔ خیبر پختونخواہ میں ’ ہوتی، مولانا، ولی‘ ایک طاقت رکھتے ہیں۔

اس تمام صورت حال میں عام آدمی کہاں گیا؟ جو لوگ باہر سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے آتے ہیں ان کا کردار ملکی سیاست میں کہاں گم ہو گیا؟ وہ کاروباری طبقہ کہاں غائب ہو گیا جو زر مبادلہ ملک میں بھیجتا ہے؟

چند خاندان ہم پر سیاست ایسے کرتے ہیں جیسے عوام کوئی کیڑے مکوڑے ہو ں اور اسمبلی میں بیٹھ کر وہ عوام پر کوئی احسان کر رہے ہیں۔ تبدیلی اس سوچ کا نام ہے جسے آواز دینی ہو گی کہ عوام ان کے زرخرید نہیں نہ ہی وہ اپنے ذاتی خزانوں سے پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ کرتے ہیں۔  بلکہ یہ تو عوام کے صرف ’نوکر‘  ہیں کیوں کہ انہیں تنخواہ اسی پیسے سے ملتی ہو جو عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہوتا ہے۔ کاش یہ تبدیلی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے ذہنوں میں آجائے کہ  کرسی و اقتدار پر حق محض لیڈران کا نہیں بلکہ سیاسی کارکن کا بھی اتنا ہی حق ہے ۔

ہر دفعہ ایک قصہ ذہن میں ابھرتا ہے اور اس بات پہ یقین پختہ ہو جاتا ہے کہ بزرگوں کی بیان کی گئی کہاوتوں و کہانیوں میں کوئی نہ کوئی سبق پوشیدہ ضرور ہوتا ہے۔ ایک گاؤں کا نمبردار جب قریب المرگ ہوا تو ایک میراثی کے بیٹے نے اپنی ماں سے پوچھا کہ ماں نمبردار کے مرنے کے بعد نمبردار کون بنے گا ۔ جس کے جواب میں ماں نے کہا کہ نمبردار کا بیٹا۔ بیٹے نے پھر سوال کیا کہ اس کے بعد ۔ ماں نے پھر جواب دیا ۔ اس کا بیٹا (موجودہ نمبردار کا پوتا)۔ بیٹے نے لگ بھگ بیسیوں دفعہ پوچھا تو ماں نے اتنی ہی دفعہ ایک ہی جواب دیا۔ بالآخر ماں نے بیٹے کا اضطراب پڑھتے ہوئے نرم الفاظ میں سمجھایا کہ بیٹا تم پریشان کیوں ہوتے ہو نمبردار مر بھی گیا تو نمبرداری ہمارے حصے میں نہیں آئے گی کیوں کہ یہ نمبردار کی نسل میں ہی رہے گی ۔

پاکستان کا سیاسی نظام بھی اس وقت نمبرداری نظام کے تحت ہی چل رہا ہے۔یعنی اگلے کئی سال نمبرداروں کی نسلیں ہی ہم پر قابض رہیں گی۔ بھٹو کے بعد ایک اور بھٹو، میاں کے بعد ایک اور میاں، ولی کے بعد ایک اور ولی، مولانا کے بعد ایک اور مولانا، یعنی ہم نسل در نسل ایک ایسے نظام میں جکڑے ہوئے ہیں جس سے نکلنے کے لیے ہمیں تبدیلی اپنے دل سے شروع کرنا ہو گی ۔ سب سے پہلے تبدیلی سیاسی کارکنوں کو اپنے دل و دماغ میں لانا ہو گی کہ وہ اپنے اندر اپنی قیادت سے سوال کرنے کی جرات پیدا کریں کہ کیا سیاست پر ان کے بیٹوں، بیٹیوں، یاقریبی عزیزوں کا حق ہے؟ کیا وہ صرف نعرے لگانے کے لیے ہیں؟ کیا اپنی زندگیاں سیاسی پارٹیوں کے نام کر دینے والے کارکنان کی قسمت میں یہ آکسفورڈ لب و لہجے والے بچے ہی لیڈر کے طور پہ ہیں؟ یا پھر ان کی محنت کا صلہ یہی ہے کہ کسی حکمران کا بیٹا یا بیٹی ہی ان پہ راج کرے؟

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس  اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

شاہد کاظمی

شاہد کاظمی

بلاگر کی وابستگی روزنامہ نئی بات، اوصاف سے رہی ہے۔ آج کل روزنامہ ایشیئن نیوز اور روزنامہ طاقت کے علاوہ، جناح و آزادی کے لیے بھی کالم لکھتے ہیں۔ ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کر رکھا ہے۔ بلاگر سے ان کے فیس بک پیج www.facebook.com/100lafz پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔