حکومت ہمارے کہنے سے نہیں بلکہ خود اپنے بوجھ سے گرجائے گی، چوہدری شجاعت

ویب ڈیسک  اتوار 19 اکتوبر 2014
ڈاکٹر طاہر القادری کے حکومت سے حالیہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، چوہدری شجاعت فوٹو: فائل

ڈاکٹر طاہر القادری کے حکومت سے حالیہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، چوہدری شجاعت فوٹو: فائل

لاہور: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا اپنا بوجھ اتنا زیادہ ہے وہ اسی سے گر جائے گی، اس کے لئے ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ 

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ہم ڈیل پر نہیں مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ ڈیل تو ڈیلر کرتے ہیں سیاستدان مذاکرات کرتے ہیں، ان کی ڈاکٹر طاہر القادری سے اختلاف کی باتیں بے بنیاد ہیں،  ڈاکٹر طاہر القادری کے حکومت سے حالیہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ معاملات مذاکرات سے ہی حل ہونے چاہئیں لیکن اس کی کامیابی اور ناکامی کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ حکومتیں دھرنوں اور جلوسوں سے ہی گرتی ہیں، دھرنے اور جلسے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں، سردیوں میں جلسے کم ہوجائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خود ہی استعفیٰ دے دیں تو بہتر ہوگا اور اگر وہ پہلے ہی استعفیٰ دے دیتے تو دھرنوں اورجلسوں کی نوبت ہی نہ آتی۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملک کے وزیراعظم نہیں ہیں کیونکہ ان کی رٹ کہیں بھی نظر نہیں آتی، ان کی حکومت کا اپنا بوجھ اس قدر زیادہ ہے کہ وہ خود ہی گرجائے گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ  وہ 2015 میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھ رہے، ملک میں نئے انتخابات اب اسی وقت ہوں گے جب انتخابی اصلاحات ہوجائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔