ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 400 کروڑ کا جھٹکا دے دیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 20 اکتوبر 2014
بی سی سی آئی نے کیریبیئن بورڈ سے نقصان کی تلافی کیلیے قانونی رائے لے لی، کل اہم فیصلے متوقع۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بی سی سی آئی نے کیریبیئن بورڈ سے نقصان کی تلافی کیلیے قانونی رائے لے لی، کل اہم فیصلے متوقع۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

نئی دہلی: ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹور ادھورا چھوڑنے پر بھارتی بورڈ کو 400 کروڑ روپے کا جھٹکا پہنچا ہے، بی سی سی آئی نے کیریبیئن بورڈ کے خلاف کارروائی کیلیے قانونی رائے طلب کرلی، ہرجانے کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے، پیر کو ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اپنے بورڈ کے ساتھ محاذ آرائی کی وجہ سے دورہ ادھورا چھوڑنے کی وجہ سے بھارت کو 400 کروڑ روپے کے قریب نقصان ہوا ہے۔ نشریاتی ادارے کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت بی سی سی آئی کو ہر میچ کے 33 کروڑ روپے ملتے ہیں، ویسٹ انڈین ٹیم پانچ میچز کھیلے بغیر واپس گئی ہے دیگر اسپانسرشپ معاہدے الگ ہیں، بی سی سی آئی کے غصے کا سب سے بڑا سبب یہی نقصان ہے جس کو اب وہ ویسٹ انڈین بورڈ سے ہرجانہ لے کر پورا کرنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کیلیے قانونی ٹیم سے رائے حاصل کرلی گئی ہے۔

بورڈ کے سیکریٹری سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ معاملہ اپنے قانونی سیل کو بھیج دیا اور انھیں ہدایت کی ہے کہ اس پر اپنی رائے پیر کے روز ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے قبل دے دیں، ویسٹ انڈین بورڈ نے ہمارے ساتھ سیریز کیلیے باہمی معاہدہ کیا تھا جس کی انھوں اپنے اندرونی معاملات کی وجہ سے پاسداری نہیں کی، اس لیے ہم اب ان سے ہرجانے کا مطالبہ کرسکتے ہیں لیکن یہ اقدام قانونی رائے حاصل ہونے کے بعد ہی اٹھائیں گے، کوئی بھی فیصلہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہی کیا جائے گا۔ دوسری جانب بورڈ نے آئی پی ایل کے دروازے ویسٹ انڈین کھلاڑیوں پر بند کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔