سری لنکا کو بھارت سے’وفاداری‘ کا صلہ ملنے کی امید

اسپورٹس ڈیسک  پير 20 اکتوبر 2014
سری لنکن بورڈ کو ان میچز کی میزبانی سے 8 ملین امریکی ڈالر آمدنی کی توقع ہے، فوٹو: اے ایف پی/فائل

سری لنکن بورڈ کو ان میچز کی میزبانی سے 8 ملین امریکی ڈالر آمدنی کی توقع ہے، فوٹو: اے ایف پی/فائل

کولمبو: سری لنکا نے بھارت سے ’وفاداری‘ کا صلہ ملنے کی امیدیں باندھ لیں، ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے کو ادھورا چھوڑ کر فوری طور پر پانچ ون ڈے میچز کی سیریز پر رضامند ہوجانے والے سری لنکا کو آئندہ برس بھارت سے 3 ٹیسٹ ملنے کی امید ہے۔

یہ سیریزممکنہ طور پر اگست میں سری لنکن میدانوں پرکھیلی جائے گی، سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگانے میڈیا سے گفتگومیں کہاکہ ہم نے بھارت کو آئندہ ماہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کی یقین دہانی کرادی ہے، یہ مقابلے یکم سے14نومبرکو منعقد ہوں گے،اب ہم جواب میں بھارت سے آئندہ برس اگست میں3 ٹیسٹ میچز کی میزبانی پانے کی توقع رکھتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس ممکنہ سیریز کی بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، لہذا ابھی اس کی تصدیق کرنا قبل از وقت ہوگا لیکن ہم بھارت کی میزبانی کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ابتدائی طورپر فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق سری لنکا نے اگست 2015 میں بھارت کا دورہ کرنا تھا، جس میں 3 ٹیسٹ میچز شامل تھے، لیکن اب سری لنکا بھارت جانے کی بجائے یہ میچز اپنے گرائونڈز پر ہی کھیلنا چاہتاہے۔

سری لنکن بورڈ کو ان میچز کی میزبانی سے 8 ملین امریکی ڈالر آمدنی کی توقع ہے، تاہم سری لنکن خواہش پر ابھی بھارتی بورڈ نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، اس بارے میں بی سی سی آئی کا جواب منگل کو ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے بعد متوقع ہے، جس میں ویسٹ انڈین ٹیم کے ٹور ادھورا چھوڑ کر جانے کے معاملے پر غوروخوض کیا جائیگا، اجلاس میں ہی سری لنکا سے متوقع سیریز کی تاریخوں اور وینیوز کا فیصلہ بھی ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔