آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، مصباح الحق

ویب ڈیسک  پير 20 اکتوبر 2014
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنے اورٹیم کے لئے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا، مصباح الحق فوٹو؛ فائل

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنے اورٹیم کے لئے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا، مصباح الحق فوٹو؛ فائل

دبئی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی لیکن پاکستان دستیاب بالرز کے ساتھ ہی کینگروز کا مقابلہ کرے گا۔

دبئی میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ رواں برس انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 3 جبکہ ون ڈے میچوں میں وہ صرف دو نصف سنچریاں ہی اسکور کی ہیں، دنیا کے ہر کھلاڑی کو اپنے کیریئر میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس برے وقت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مثبت سوچ اختیار کرتے ہوئے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں کیونکہ کسی بھی بلے باز کو اپنی کھوئی فارم واپس لانے میں ایک ہی اننگز کی ضرورت ہوتی ہے۔ دورہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان سے رنز نہیں ہوسکے لیکن اس سے وہ مایوس نہیں، ہر کھلاڑی پر اس دورانیے میں تھوڑی پریشانی اور دباؤ بھی ہوتا ہے لیکن انھوں نے اسے خود پر طاری نہیں کیا، انھیں خود پر بھروسہ ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنے اورٹیم کے لئے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا ہے اور قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے، اس آسٹریلیا کی ٹیم بھی ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ تجرب کار نہیں، آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز ہارنے کے باوجود انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جنید خان، وہاب ریاض اور عمرگل بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں لیکن کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق مسائل کسی بھی ٹیم کو کسی بھی وقت درپیش ہوسکتے ہیں تاہم سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، سعید اجمل کے نہ ہونے کے نتیجے میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے، قومی ٹیم بالنگ کے میدان میں تمام دستیاب وسائل کے ساتھ بھرپور انداز میں کینگروز کا مقابلہ کرے گی اور ایک مرتبہ پھر جیت کی راہ پرگامزن ہوجائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔