ملک آئندہ 3 سے 5 سال میں پانی کی کمی کا شکار ہوسکتا ہے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  پير 20 اکتوبر 2014
ملک آئندہ تین سے پانچ سال میں پانی کی قلت کا شکار ہوسکتا ہے،
خواجہ آصف،  فوٹو؛ فائل

ملک آئندہ تین سے پانچ سال میں پانی کی قلت کا شکار ہوسکتا ہے، خواجہ آصف، فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جبکہ اب دھرنے والے استعفے منظور نہ کرنے کےلیے منتیں کررہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم نہیں بنے گا تاہم ملک آئندہ 3 سے 5 سال میں پانی کی کمی کا شکار ہوسکتا ہے جب کہ بارشوں کے باعث  ملک میں جو سیلاب آیا اس سے متعلق محکمہ موسمیات نے ایک ماہ پہلے خبردار نہیں کیا تھا، جب بارشیں ہوئیں تو اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھی بارشیں ہورہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر پاکستانی دریاؤں میں پانی چھوڑنے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں کے نیٹ ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا گیا اس وقت سرکلر ڈیٹ 300 ارب سے کم ہے لیکن بجلی کی قیمتوں سے متعلق صارفین پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، دھرنے والے وزیراعظم سے استعفیٰ تو نہ لے سکے لیکن ملک کئی سال پیچھے چلا گیا جبکہ اب دھرنے والے استعفے منظور نہ کرنے کے لیے منتیں کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔