کوئی بھی طاقت مجھے سندھ کے حقوق کی جدوجہد سے نہیں روک سکتی، الطاف حسین

ویب ڈیسک  پير 20 اکتوبر 2014
پاکستان کا پورا نظام ہی گلا سڑا اور فرسودہ جاگیردارانہ اور وڈیرانہ ہے جس میں صرف اسی کی عزت ہے جس کے پاس دولت کے انبار ہوں، الطاف حسین   فوٹو: فائل

پاکستان کا پورا نظام ہی گلا سڑا اور فرسودہ جاگیردارانہ اور وڈیرانہ ہے جس میں صرف اسی کی عزت ہے جس کے پاس دولت کے انبار ہوں، الطاف حسین فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں سندھ کے غریب ہاریوں، کسانوں اور دیگرغریب سندھیوں کو ظالم وڈیرں کے ظلم اور جبر کی زنجیروں سے آزاد کرانا چاہتا ہوں اسی لئے سندھ کے وڈیرے غریب سندھیوں کو سندھ کے نام پر ایم کیوایم کے خلاف بھڑکا رہے ہیں لیکن اب کوئی بھی طاقت مجھے سندھ کے حقوق کی جدوجہد سے نہیں روک سکتی۔

ایم کیو ایم حیدرآباد کے زونل کمیٹی، سیکٹرز کمیٹیوں کے ارکان اور دیگر ذمہ داران سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ میں نے مہاجروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور حق تلفیوں کے خاتمے کے لئے تحریک بنائی لیکن جب میں نے پورے ملک کے نظام کو دیکھا تو پتا چلا کہ پاکستان کا پورا نظام ہی گلا سڑا اور فرسودہ جاگیردارانہ اور وڈیرانہ ہے جس میں صرف اسی کی عزت ہے جس کے پاس دولت کے انبار ہوں، اسی کی عدالت اور اسی کے لئے انصاف ہے جبکہ غریبوں کو دوسرے درجے کا شہری سمجھا جاتا ہے، اس مشاہدے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا کہ مہاجروں، سندھیوں، پنجابیوں، پختونوں، بلوچوں، سرائیکیوں، کشمیریوں اور ہزارے والوں سمیت تمام قومیتوں کے مسائل یکساں ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ اسلام سمیت دنیا کے کسی مذہب یا مہذب معاشرے میں عزت کا معیار کسی بھی صورت میں دولت پر نہیں اور جس معاشرے میں اونچ نیچ کی تفریق ہوتی ہے،عدم مساوات ہوتی ہے اور معاشی ناہمواری ہوتی ہے وہاں انصاف کا معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان بھر کے تمام غریب ومحروم عوام کو معاشرے میں برابر کا حق دلانے کے لئے مہاجر قومی موومنٹ کو متحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کرکے ملک گیر جدوجہد شروع کی، ایم کیوایم نے غریبوں کا صرف نعرہ نہیں لگایا بلکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب ومتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو منتخب کرکے اسمبلیوں میں بڑے بڑے جاگیرداروں اور وڈیروں کے برابر بٹھایا اور بتایا کہ اگرعزت جاگیرداروں اور وڈیروں کی ہے تو غریب ومتوسط طبقے کی بھی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے کہا کہ ایم کیو ایم کی اس جدوجہد کے نتیجے میں جب سندھ کے غریب ہاری، کسان، نوجوان اور غریب عوام تیزی سے ایم کیوایم کے قریب آنے لگے اور ایم کیوایم کے قافلے میں شامل ہونے لگے تو سندھ کے وڈیروں کو یہ خوف ہوگیا کہ اگر ایم کیو ایم اسی طرح سندھ بھر میں پھیلتی رہی تو سندھ بھر کے تمام غریب ہاری اور نوجوان وڈیروں کی قید سے آزاد ہوجائیں گے اسی لئے سندھ کے وڈیروں نے غریب سندھیوں کو سندھ کے نام پر بھڑکانا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کے غریب ہاریوں، کسانوں اور دیگر غریب سندھیوں کو ظالم وڈیرں کے ظلم اور جبر کی زنجیروں سے آزاد کرانا چاہتا ہوں اور اب کوئی بھی طاقت مجھے سندھ کے حقوق کی جدوجہد سے نہیں روک سکتی، تمام تر پروپیگنڈوں کے باوجود سندھی بھائیوں نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے اور اب کوئی بھی مجھے ان سے دور نہیں کرسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔