آسٹریلیا ٹاپ پوزیشن کے حصول کا خواب دیکھنے لگا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 21 اکتوبر 2014
 آسٹریلیا نے اب تک سلو بولرز کی جوڑی کے ساتھ کھیلے جانے والے 6 ٹیسٹ میں سے 5 میں مات کھائی ہے۔ فوٹو : گیٹی امیجز

آسٹریلیا نے اب تک سلو بولرز کی جوڑی کے ساتھ کھیلے جانے والے 6 ٹیسٹ میں سے 5 میں مات کھائی ہے۔ فوٹو : گیٹی امیجز

دبئی: آسٹریلیا ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ پوزیشن کے حصول کا خواب دیکھنے لگا۔

پاکستان کیخلاف کلین سوئپ سے منزل حاصل ہوجائے گی، مائیکل کلارک اور مچل مارش کی واپسی سے بیٹنگ کو  تقویت ملے گی، پیسر مچل جونسن میزبان بیٹنگ لائن کے حوصلے آزمانے کیلیے بیتاب ہیں،اس مشن میں پیٹر سڈل معاونت کرینگے، ناتھن لیون اور اوکیف اسپن کا شعبہ سنبھالنے کیلیے تیار ہیں۔کپتان مائیکل کلارک نے حریف سائیڈ میں سعید اجمل کی غیر موجودگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، البتہ وہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی طرف سے مزاحمت کے خطرات بھی محسوس کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا ون ڈے کے بعد  ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو وائٹ واش پر مجبور کرکے  عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیلیے پُرعزم ہے، کینگروز نے دونوں میچز جیت لیے تو ایک بار پھر جنوبی افریقہ کی جگہ طویل فارمیٹ کی نمبر ون ٹیم بن جائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا نے  ون ڈے سیریز بھی عالمی رینکنگ میں نمبر 2 کے طور پر شروع کی تھی اور تینوں میچز جیت کر ٹاپ پر جگہ بنائی۔

مہمان بیٹنگ لائن کو2ماہ قبل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے والے کپتان مائیکل کلارک کی واپسی سے تقویت ملے گی جو گذشتہ سال 1093رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ اسکورر  رہے تھے، البتہ پاکستان اے خلاف 4 روزہ میچ میں تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور دونوں اننگز  میں بالترتیب 10 اور 5 رنز بنا سکے۔کینگروز کو امید ہے کہ ہیمسٹرنگ  انجری سے صحتیاب ہونے والے آل راؤنڈر مچل مارش بھی انجرڈ شین واٹسن کا خلا پُر کرنے کیلیے دستیاب ہونگے، دونوں پلیئرز نے گذشتہ روز طویل نیٹ سیشن کیا، فاسٹ بولنگ اٹیک کی قیادت مچل جونسن کریں گے جو 2 ایک روزہ میچز میں 6 وکٹیں لے کر شاندار فارم کا ثبوت دے چکے ہیں، ان کا ساتھ دینے کیلیے سخت محنت پر یقین رکھنے والے پیٹر سڈل  بھی موجود ہوں گے، دبئی کی وکٹ کا ریکارڈ دیکھتے ہوئے 2اسپنرز ناتھن لیون اور سٹویو اوکیف کو میدان میں اتارے جانے کا امکان روشن ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اب تک سلو بولرز کی جوڑی کے ساتھ کھیلے جانے والے 6 ٹیسٹ میں سے 5 میں مات کھائی ہے، ایک میچ ڈرا ہوا۔ کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سعید اجمل کی کمی محسوس ہو گی،وہ بہترین بولر ہیں، میزبان ٹیم  کی خواہش ہوگی کہ کاش وہ سلیکشن کے لیے دستیاب ہوتے، انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس ہر طرز کی کرکٹ میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، وہ جو ٹیسٹ الیون بھی میدان میں اتاریں گے وہ بہت باصلاحیت اور ان کنڈیشنز سے واقف ہو گی۔مائیکل کلارک نے کہا کہ میں فٹ ہوچکا ، پریکٹس کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا ، سیریز کے دونوں ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے آسٹریلوی ٹیم کو فتح دلانا چاہتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔