پاکستان کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے، وزیراعظم

نمائندہ ایکسپریس  منگل 21 اکتوبر 2014
وزیر اعظم نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ملاقات کر رہے ہیں۔ فوٹو : آئی این پی

وزیر اعظم نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ملاقات کر رہے ہیں۔ فوٹو : آئی این پی

لاہور: وزیر اعظم نواز شریف اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے درمیان گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی۔ جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی بحران اور اس کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کی قیادت سے بلواسطہ رابطوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں پنجاب میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں اور اوور سیز پاکستانیوں کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلیے سنجیدگی سے کوششیں کر رہی ہے اورا نشا اللہ سر خرو ہوں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم نے گورنر کے بعض معاملات پر تحفظات کو دور کر دیا جبکہ گورنر نے وز یر اعظم کو عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کی قیادت سے بلواسطہ رابطوں کے حوالے سے تمام صورتحال بارے آگاہی دی۔

این این آئی کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے مختلف حلقوں کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، رانا زاہد حسین خان، سردار ایم شفقت حیات خان، مخدوم خسرو بختیار اور عمر ایوب خان شامل تھے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آئے تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کی۔

وہ اپنے چیمبر میں بیٹھ کر ایوان کی کارروائی سنتے رہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت متعدد وزراء اور ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم سے ملاقاتیں کیں اور ملک کی سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں بعض وزراء اور ارکان کی عدم شرکت کا وزیر اعظم نے سخت نوٹس لیا اور وزارت مواصلات اور اطلاعات و نشریات کے سوالات کے جواب دینے کیلئے ایوان میں متعلقہ وزیر اور پارلیمانی سیکریٹری کی غیر حاضری کا بھی سخت نوٹس لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔