کراچی : فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک ،4 زخمی

اسٹاف رپورٹر  منگل 21 اکتوبر 2014
شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالی نوجوان لڑکی نے دوران علاج دم توڑ دیا  فوٹو: فائل

شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالی نوجوان لڑکی نے دوران علاج دم توڑ دیا فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

لیاری میں بغدادی تھانے کے علاقے ڈی ڈی چوہدری روڈ پر واقع گڈانی بس اسٹاپ کے قریب ایک شخص کی لاش ملی جسے اغوا کیے جانے کے بعد قتل کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 28 سالہ عمر داد ولد داد محمد کے نام سے کر لی گئی، مقتول ہارونیہ مسجد روڈ شاہ بیگ لین گلی نمبر8 کا رہائشی تھا، ایس ایچ او سب انسپکٹر عبدالمعید نے ایکسپریس کو بتایا کہ قتل کیے جانے والا شخص بھتہ خور تھا اور اس کا تعلق شیرازکامریڈ گروپ کے سنی گروپ سے تھا، بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی باڑہ مارکیٹ کے سامنے مین روڈ پر فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں 22 سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے کی شناخت بلال عرف سنیل کے نام سے ہوئی جو یوسف گوٹھ گلی نمبر 6 کا رہائشی تھا اور اس کے بارے میں جائے وقوعہ پر موجود افراد نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا مبینہ طور پر ڈاکو تھا اور موٹر سائیکل پر سوار اپنے ساتھی کے ہمراہ سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار میں سوار شخص کو اسلحے کے زور پر رکنے کا اشارہ کیا تھا اور گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ بھی کی تھی جس پر کار سوار شخص کچھ فاصلے پر جا کر رک گیا اور اس دوران ملزمان اسے لوٹنے پہنچے تو کار میں سوار شخص نے ان پر فائرنگ کر دی اور گولی سینے پر لگنے سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، منگھوپیر کے علاقے نیو ناظم آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار 32 سالہ الطاف حسین کربلائی ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، مقتول قصبہ کالونی مسلم آباد کا رہائشی تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ڈرائیور اور 2 بچوں کا باپ تھا، مومن آباد کے علاقے مجید کالونی سیکٹر 4-F فرنٹیئر موڑ کے قریب فائرنگ سے 3 افراد 25 سالہ ماجد، 35 سالہ نیک محمد اور 22 سالہ شاہد زخمی ہوگئے۔

مومن آباد تھانے کے انٹیلیجنس افسر امیر خان نے بتایا کہ زخمی ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان ہیں جو علاقے میں جھنڈا لگا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں شاہد نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، انھوں نے بتایا کہ واقعے میں کوئی کریکر حملہ نہیں ہوا جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور ٹی ٹی پستول کے خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے قبضے میں لے لیے ہیں ، مقتول میٹروول کا رہائشی تھا، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف و ہراس پھیل گیا اور مشتعل افراد نے دکانیں و کاروبار بند کرا دیا ۔

تاہم پولیس نے کسی بھی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر موبائل گشت میں اضافہ اور پولیس کی نفری کو تعینات کر کے صورتحال کو کنٹرول کرلیا ، سہراب گوٹھ تھانے کی پولیس چوکی ایوب گوٹھ کے علاقے گودھرا سوسائٹی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے32 سالہ عابد ولد اﷲ دتہ زخمی ہو گیا، گلستان جوہر کے علاقے میں کار چھیننے کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر کے35 سالہ حفیظ ولد انیس کو زخمی کردیا۔علاوہ ازیں شاہ فیصل کالونی کے علاقے 3 نمبر میں پراسرار فائرنگ سے زخمی ہونے والی 22 سالہ لڑکی نے جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، شاہ فیصل کالونی تھانے کے ہیڈ محرر امین نے بتایا کہ سڑک سے زخمی حالت میں ملنے والی لڑکی کے سر اور کمر پر گولی لگی تھی تاہم اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے، لاش تلاش ورثا کیلیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔