وادی نیلم میں مسافر جیپ گہری کھائی میں جا گری، 12 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 21 اکتوبر 2014
جائے وقوعہ پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ فوٹو؛ فائل

جائے وقوعہ پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ فوٹو؛ فائل

آزاد کشمیر: آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں جاگراں کے مقام پر مسافر جیپ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وادی نیلم کے علاقے جاگراں سے کنڈل شاہی آتے ہوئے تیز رفتار مسافر جیپ اچانک ڈرائیور سے بے قابو ہوگئی اور گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں چند جان، شبابہ بی بی، عائشہ، سراج دین، بلور خان، سید احمد شاہ، شفیع، سید نصیر حسین شاہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کا بیشتر علاقہ پہاڑی گزرگاہوں پر مشتمل ہے جہاں اکثر جان لیوا حادثات کی وجوہات تیز رفتاری یا اوور لوڈنگ بتائی جاتی ہے اور اکثر وہاں چلنے والی جیپوں میں 16 سے 18 افراد کو سوار کیا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔