کراچی کے حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم کیلئے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 21 اکتوبر 2014
کراچی میں چلائی جانیوالی پولیومہم کے دوران حملوں کے نتیجے میں 5 سے زائد رضاکارجاں بحق ہوچکے ہیں فوٹو:فائل

کراچی میں چلائی جانیوالی پولیومہم کے دوران حملوں کے نتیجے میں 5 سے زائد رضاکارجاں بحق ہوچکے ہیں فوٹو:فائل

کراچی: حکومت نے کراچی میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق کراچی کے حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم چلانے کے لیے پاک فوج کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کےتحت پولیو مہم کے دوران رضا کاروں کے ہمراہ فوجی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کراچی کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پولیو مہم چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے بعد وزیراعظم  کی جانب سے فوجی اہلکاروں کے لیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کہا گیا  تاکہ فوج کی نگرانی میں پولیو مہم کو کامیاب بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے حساس علاقوں میں پولیو مہم پولیس کی نگرانی میں چلائی جارہی تھی لیکن اس کے باوجود بعض علاقوں میں پولیو ورکز پر حملے کیے گئے جس میں 5 سے زائد رضا کار جاں بحق ہوئے جس کے بعد رضا کاروں نے سیکیورٹی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔