کالعدم تحریک طالبان نے ترجمان شاہد اللہ شاہد کو داعش کی بیعت کرنے پر برطرف کردیا

ویب ڈیسک  منگل 21 اکتوبر 2014
شاہد اللہ شاہد نے گزشتہ ہفتے 5 دیگر طالبان جنگجوؤں کے ہمراہ  داعش کے خلیفہ ابو ابکر البغدادی کی بیعت کرلی تھی۔  فوٹو: فائل

شاہد اللہ شاہد نے گزشتہ ہفتے 5 دیگر طالبان جنگجوؤں کے ہمراہ داعش کے خلیفہ ابو ابکر البغدادی کی بیعت کرلی تھی۔ فوٹو: فائل

میران شاہ: کالعدم تحریک طالبان نے ترجمان شاہد اللہ شاہد کو داعش کی بیعت کرنے اور جنگجو تنظیم کے خلیفہ ابوبکر البغدادی کے احکامات ماننے کے اعلان کے بعد برطرف کردیا ہے۔

کالعدم تنظیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہد اللہ شاہد کا اصل نام ابو عمر شیخ مقبول ہے اور تنظیم نے انہیں شاہد اللہ شاہد کے نام سے تنظیم کے ترجمان کی حیثیت سے مقرر کیا تھا تاہم اب وہ ترجمان نہیں رہے اور ان کی جگہ کسی دوسرے رکن کو جلد تنظیم کا ترجمان مقرر کردیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان کے امیر ملا فضل اللہ نے افغان طالبان کے امیر ملا عمر کی بیعت کی ہے اس لئے تحریک طالبان اور داعش کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ شاہد اللہ شاہد نے گزشتہ ہفتے 5 دیگر طالبان جنگجوؤں کے ہمراہ داعش کے خلیفہ ابو ابکر البغدادی کی بیعت کرکے آئندہ ان کے احکامات ماننے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔