پاکستان نے ایل او سی پر مہم جوئی بند نہ کی تو یہ اس کیلئے تکلیف دہ ہوگا، بھارت کی زہرافشانی

ویب ڈیسک  منگل 21 اکتوبر 2014
پاکستان کو بات چیت کے لیے ماحول بہتربنانے کے لئے لائن آف کنٹرول پرسیزفائر کی خلاف ورزیاں روکنا ہوں گی،بھارتی وزیردفاع فوٹو:فائل

پاکستان کو بات چیت کے لیے ماحول بہتربنانے کے لئے لائن آف کنٹرول پرسیزفائر کی خلاف ورزیاں روکنا ہوں گی،بھارتی وزیردفاع فوٹو:فائل

نئی دلی: نریندر مودی کی بی جے پی حکومت آنے کے بعد بھارت نے جنگی جنون میں مبتلا ہوکر پاکستان کے خلاف ایک محاذ کھول  رکھا ہے اورسونے پہ سہاگہ یہ کہ اس حوالے سے ان کے وزیراعظم سمیت کابینہ کے رکن بھی  زہراگلنے سے باز نہیں آتا۔

بھارتی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے  وزیر دفاع ارون جیٹلی نے اپنے منہ میاں مٹھو بنتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جنگی صلاحیت پاکستان سے کہیں زیادہ ہے اور اگر پاکستان نے اپنی مہم جاری رکھی تو اس کے لیے یہ بہت تکلیف دہ ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلام آباد پر منحصر کرتا ہے کہ وہ ماحول کو کس طرح مذاکرات کے لیے سازگار بناتا ہے کیونکہ بھارت پاکستان سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے، پاکستان کو بات چیت کے لیے ماحول کو بہتربنانے کے لیے لائن آف کنٹرول پرخلاف ورزیاں فوری روکنا ہوں گی۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان  2003 میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کا معاہدہ طے پایا تھا لیکن جنگی جنون میں مبتلا ہٹ دھرم بھارت اپنی پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف لائن آف کنٹرول بلکہ ورکنگ باؤنڈری پر بھی بلااشتعال فائرنگ اورگولا باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد پاکستانی شہری شہیداوردرجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔