پاکستانی ٹیم للچائی نظروں سے تیسری پوزیشن کو دیکھنے لگی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 22 اکتوبر 2014
یونس خان کے پاس دوبارہ ٹاپ 10بیٹسمینوں میں واپسی کا موقع ہے۔ فوٹو : اے ایف پی /  فائل

یونس خان کے پاس دوبارہ ٹاپ 10بیٹسمینوں میں واپسی کا موقع ہے۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

دبئی: پاکستانی ٹیم للچائی نظروں سے تیسری پوزیشن کو دیکھنے لگی۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک ساتھ تین درجے چھلانگ لگانے کیلیے آسٹریلیا پر کلین سوئپ فتح درکار ہوگی،2 میچزکی سیریز1-1 سے برابر کردی تب بھی چھٹے نمبر پر موجود گرین کیپس روایتی حریف بھارت سے پانچویں پوزیشن چھین سکتے ہیں، یونس خان کے پاس دوبارہ سے ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں واپسی کا موقع موجود ہے، مصباح بھی بہتری پا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز بدھ سے دبئی میں ہورہا ہے۔

گرین کیپس کے پاس ایک بار پھر ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر حق جتانے کا سنہری موقع موجود ہے مگر اس کیلیے حریف کو چاروں شانے چت کرنا ہوگا۔ اس وقت یکساں 96 پوائنٹس کے باوجود بھارت اعشاریائی پوائنٹس میں معمولی برتری سے پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔ اگر گرین کیپس آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں 2-0 سے کامیابی حاصل کرتے ہیں تو تیسرے نمبر پر پہنچ جائینگے، یوں کینگروز سے فاصلہ صرف 12 پوائنٹس رہ جائیگا۔ اگر پاکستان کی فتح کا تناسب 1-0 رہا تو چوتھی پوزیشن حاصل ہو گی جبکہ سری لنکا اور بلو کیپس کو ایک ایک زینہ نیچے اترنا پڑیگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر بھی رہی تو بھی پاکستان پڑوسی حریف بھارت کو چھٹے نمبر پر دھکیل کر خود پانچویں پوزیشن سنبھال لے گا۔

2 میچز کی اس سیریز میں پلیئرز کے پاس بھی اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع موجود ہے، اس وقت کپتان مصباح الحق دسویں جبکہ یونس خان 11 ویں نمبر پر موجود ہیں، دونوں کے درمیان صرف تین ریٹنگ پوائنٹس کا فرق ہے، اچھی پرفارمنس یونس کی ٹاپ ٹین میں واپسی کا سبب بن سکتی ہے جبکہ مصباح کو اس فہرست میں شامل رہنے کیلیے چار اننگز میں اچھا اسکور کرنا ہوگا۔ ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں ان دونوں سینئرز کے سوا اور کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل نہیں تاہم اسد شفیق(24) اور اظہر علی (26) بڑی اننگز سے بڑی جست لگا سکتے ہیں۔

ٹاپ بیٹسمین کمار سنگاکارا جبکہ بولرز میں پہلے نمبر پر ڈیل اسٹین ہیں، سعید اجمل 10، جنید خان 16اور عبدالرحمان 17 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ادھر آخری دسویں نمبر پر موجود بنگلہ دیش 25 اکتوبر سے زمبابوے کیخلاف شروع ہونے والی 3ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ سے حریف سائیڈ سے نویں پوزیشن چھین سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔