یونس خان کے دل میں کپتانی کی خواہش مچلنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 22 اکتوبر 2014
آسٹریلیا واحد ملک ہے جس کیخلاف چند اچھی اننگز کھیلنے کے باوجود سنچری نہ بنا سکا، سینئر بیٹسمین  فوٹو: فائل

آسٹریلیا واحد ملک ہے جس کیخلاف چند اچھی اننگز کھیلنے کے باوجود سنچری نہ بنا سکا، سینئر بیٹسمین فوٹو: فائل

لاہور: سینئر بیٹسمین یونس خان کے دل میں بھی کپتانی کی خواہش مچلنے لگی، انھوں نے کہا کہ کسی کا نام نہیں لوں گا تاہم سب کہہ رہے ہیں کہ قومی ٹیم کی قیادت بڑے اعزاز کی بات ہے، میں بھی یہی سمجھتا ہوں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ کپتانی کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا، میں نے تو 3،4بار خود قیادت چھوڑی البتہ میں اسے کانٹوں کی سیج نہیں کہوں گا اگر بطور کپتان یا سینئر کھلاڑی اپنے کردار سے انصاف کرسکیں تو ٹیم جیتے گی، آپ کی اپنی پرفارمنس بھی نکھرے ہوگی، ورلڈ ٹوئنٹی20ٹائٹل جیتنے کے بعد اسی سال ٹیسٹ میں بھی ٹرپل سنچری بنانے میں کامیاب ہوگیا۔

یونس کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا واحد ملک ہے جس کیخلاف چند اچھی اننگز کھیلنے کے باوجود سنچری نہ بنا سکا، اس بار کوشش ہوگی کہ یہ ہدف حاصل کرلوں،میں نہیں چاہتا کہ کیریئر کے اختتام پر کینگروز کیخلاف صرف 32کی اوسط سے رنز کرنے والے بیٹسمین کے طور پر یاد رکھا جاؤں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔