متحدہ نے دوبارہ پی پی سے رجوع کیاتو نقصان ہوگا،شیخ رشید

مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 22 اکتوبر 2014
کے پی کے میں کوئی الیکشن ہوتا ہے تو پی ٹی آئی سب کو بہاکر لے جائے گی، شیخ رشید  فوٹو: ایکسپریس/فائل

کے پی کے میں کوئی الیکشن ہوتا ہے تو پی ٹی آئی سب کو بہاکر لے جائے گی، شیخ رشید فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، نوازشریف عوام کو ڈلیور نہیں کرسکے۔ عمران خان دھرنے سے نہیں ہٹیں گے، اگر طاہرالقادری دھرنے موخر کردیتے ہیں تو پی ٹی آئی کو لوگ لانے کے لیے اورمحنت کرنا پڑے گی۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام ’’سنو‘‘ میں میزبان رانا مبشر سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میرا دل نہیں مانتا کہ طاہرالقادری نے دھرنے ختم کردیے ہیں دنیا جوبھی کہے، میرا خیال تھا کہ قربانی کا بکرا عید پر قربان ہوجائے گا لیکن قربانی کا بکرا پولیو زدہ نکل آیا، نوازشریف کو جانا ہوگا،کنٹینر پر موجود سارے لوگ بھی عمران کو چھوڑ کر چلے جائیں تو پھر بھی ان کی سیاست کو کوئی فرق نہیں پڑیگا،الیکشن ہارنے سے جاویدہاشمی کی سیاست ختم نہیں ہوئی، پیپلزپارٹی کو معلوم ہے کہ ان کا ورکر نیچے سے نکل گیاہے،الطاف بھائی نے مجھے کافی لمبا فون کیا میں نے ان کو کہا کہ پکی تین طلاقیں دوروز روز کے جھگڑے ٹھیک نہیں،ایم کیوایم نے دوبارہ پیپلزپارٹی سے رجوع کیا تو قومی سطح پر ان کے امیج کو بہت نقصان پہنچے گا ۔

الطاف حسین نے پہلے بھی مجھے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈرکے لیے ہمارے ووٹ آپ کے حق میں ہیں اب میں اپوزیشن لیڈر کا امیدوار نہیں ہوں،اگر ایم کیو ایم وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کرتی ہے اور ہمارے موقف کوسپورٹ کرتی ہے تو بات آگے بڑھ سکتی ہے،ملک بلدیاتی الیکشن کی طرف جارہاہے، کے پی کے میں کوئی الیکشن ہوتا ہے تو پی ٹی آئی سب کو بہاکر لے جائے گی،پی ایم ایل این کے اندر توڑ پھوڑ جاری ہے، یوسف رضاگیلانی اورآصف زرداری کی آپس میں لائن اورلینتھ ٹھیک نہیں تھی،مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ علامہ طاہر القادری کی طرف سے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ انھوں نے خود کیا ہے،خبرایجنسیوں کے مطابق انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم واضح طور پر فیصلہ کرے کہ اس نے واپس نہیں جانا،چند ماہ کے لیے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ قبول نہیں، اپوزیشن لیڈر کو ہٹانا اصل ایشو نہیں، اصل ایشو وزیر اعظم کا استعفیٰ ہے، رحمن ملک کی جادو کی چھڑی اس بار طلسم دکھاتی نظر نہیں آتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔