کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک، 5 زخمی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 22 اکتوبر 2014
لیاری، لیاقت آباد اور پٹیل پاڑہ میں قتل کی وارداتیں ہوئیں، پولیس کی تحقیقات جاری  فوٹو: فائل

لیاری، لیاقت آباد اور پٹیل پاڑہ میں قتل کی وارداتیں ہوئیں، پولیس کی تحقیقات جاری فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن بھی شامل ہے۔

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے 7 نمبر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30 سالہ حنیف ولد محمد ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی، مقتول متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 116 کا کارکن تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول کو گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، واقعے کے بعد علاقہ ایس ایچ او سفیان ملک نے موبائل فون سوئچ آف کر دیا تھا، لیاری کے علاقے سنگولین میں مولوی عثمان پارک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 55 سالہ یار محمد ولد محمد بچل ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او کلاکوٹ حاجی ثناء اللہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی شناخت جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے ہوئی ہے۔

جس کے سر اور سینے پر گولیاں ماری گئیں ، فوری طور پر مقتول کے بارے میں مزید کوئی معلومات حاصل نہیں ہو سکی، جمشید کوارٹرز کے علاقے پٹیل پاڑہ میں فائرنگ سے 35 سالہ عامر ولد عمر خان ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او جمشید کوارٹرز سب انسپکٹر اعجاز نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت مقتول کا اپنے رشتے داروں سے جھگڑا چل رہا تھا اور واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے، مقتول پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور اور علاقے کا ہی رہائشی تھا، لیاقت آباد کے علاقے 4 نمبر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ بشارت علی ولد قمبر علی شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او سپر مارکیٹ راشد حسین نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کو پیٹ اور سینے میں گولیاں لگی تھیں، وہ سائٹ ایریا میں مقامی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔

دریں اثنا لیاری کے علاقے 8 چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ عتیق بلوچ ولد الطاف بلوچ زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال پہنچایا گیا، مضروب کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب فائرنگ سے کمر میں گولی لگنے سے اشرف ولد سلمان زخمی ہوگیا، علاقہ ایس ایچ او اعجاز قائم خانی کے مطابق مضروب لائنز ایریا کا رہائشی ہے اور کسی کام سے جا رہا تھا کہ عقب سے گولی آکر لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا، چاکیواڑہ کے علاقے میراں ناکہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ محمد زبیر زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کیلیے سول اسپتال لے جایا گیا، جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 30 سالہ عابد زخمی ہوگیا جبکہ محمود آباد کے علاقے اختر کالونی گلی نمبر 4 میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 35 سالہ ظہیر زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال لے جایا گیا جبکہ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔