پاکستان ضرورت پڑنے پر دشمن کیخلاف جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے گریز نہیں کرے گا، پرویز مشرف

ویب ڈیسک  بدھ 22 اکتوبر 2014
پاکستان بھارت کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے،پرویز مشرف، فوٹو:فائل

پاکستان بھارت کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے،پرویز مشرف، فوٹو:فائل

سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے بھارت کوللکارتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہروقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر دشمن کے خلاف اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا رویہ کبھی جارحانہ نہیں ہوتا تاہم بھارتی وزیراعظم کا رویہ جارحانہ ہے وہ پاکستان اور مسلمانوں کے مخالف ہیں لہٰذا انہیں اپنا طریقہ کار بدلنا ہوگا کیونکہ نریندر مودی پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے اور ہم ان کی ریڈ لائن کو کچھ نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ پراکسی جنگ لڑرہے ہیں جس کے ذریعے دشمن ہمیں غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے کیونکہ بھارت پاکستان میں انتشار کو خواہش مند ہے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر کبھی بھی اپنے دشمن کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا، پاک فوج مشرقی سرحد پر ہمیشہ چوکس رہتی ہے اور اس نے عوام کو سہارا دیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی خطرے سے نمٹنا جانتے ہیں اور پاکستانی قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاک فوج شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث کمزور نہیں پڑی اس لیے بھارت پاک فوج کے کمزور ہونے کی غلط فہمی میں نہ رہے جبکہ بھارت بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کررہا ہے اور ہم پر الزامات لگائے جاتے ہیں اس لیے بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کا الزام ہم پر نہ لگایا جائے اور دنیا ہم پر الزام تراشی کے بجائے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔