’’ہیپی نیو ایئر‘‘ انگلش فلم ’’اوشین 12‘‘ کا چربہ ہے، شان

کلچرل رپورٹر  جمعرات 23 اکتوبر 2014
ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی ضرورت نہیں، ملکر اچھی فلمیں بنا سکتے ہیں، گفتگو    فوٹو: فائل

ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی ضرورت نہیں، ملکر اچھی فلمیں بنا سکتے ہیں، گفتگو فوٹو: فائل

لاہور: لالی وڈ اسٹار شان نے بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’’ ہیپی نیو ائیر‘‘ کو مشہور ہالی ووڈ فلم ’’اوشین 12‘‘ کا چربہ قرار دے دیا۔

شان جو ابوظہبی میں انٹرنیشنل شوبز ایکسپو میں شرکت کے لیے گئے ہوئے ہیں جہاں انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سچ یہی ہے کہ ’’ہیپی نیو ائیر‘‘ انگلش فلم ’’اوشین 12‘‘ کا ہندی ریمیک ہے۔ بالی ووڈ والوں کے پاس اب اسکرپٹ نہیں رہے اور جو ہیں ان پر آرٹ فلمیں بن جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کو مل کر اعلیٰ درجے کی فلمیں بنانی چاہئیں ، ہم فنکاروں کو ووٹ نہیں دل جیتنے ہوتے ہیں لہذا ہمیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا وقت بھی ہوگا کہ جب شاہ رخ اور عامر جیسے سٹیک ہولڈرز پاکستان میں فلم بنائیں گے۔ یاد رہے عیدالاضحیٰ پر شان کی فلم ’’آپریشن 021‘‘ ریلیز ہوئی جب کہ ان کی دو فلمیں ’’یلغار‘‘ اور ’’گدھ‘‘ آنے والی ہیں۔ لالی ووڈ اسٹار مذکورہ انٹرنیشنل شوبز ایکسپو کی آج افتتاحی تقریب میں ریڈکارپٹ پر جلوہ گر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔