یونس نے مخالفین کے منہ پر تالے لگا دیے، حنیف محمد

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 23 اکتوبر 2014
پاکستان کو 350 رنز بنانے چاہئیں،وکٹ بتدریج اسپنرز کیلیے سازگار ہوجائے گی۔  فوٹو: فائل

پاکستان کو 350 رنز بنانے چاہئیں،وکٹ بتدریج اسپنرز کیلیے سازگار ہوجائے گی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا ہے کہ یونس خان نے اپنی شاندار بیٹنگ سے مخالفین کے منہ پر تالے لگا دیے۔

عالمی معیار کے بیٹسمین نے ثابت کر دیا کہ ان کی کرکٹ ابھی باقی ہے، سابق اسٹارکے مطابق دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا،دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 350 رنز جوڑکر ٹیم کو اپنی پوزیشن مضبوط کرنا ہوگی، ہمارے اسپنرز کو وکٹ سے فائدہ اٹھانے کا نادر موقع ملے گا، نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دور کے عظیم بیٹسمین حنیف محمد نے کہا کہ 7  رنز کے مجموعی اسکور پر ہمارے اوپنرز کا واپس پویلین لوٹ جانا افسوسناک تھا لیکن یونس خان اور اظہر علی نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز بناکر ٹیم کو مشکلات سے نکال لیا۔

انھوں نے کہا کہ نامعلوم وجوہ کی بنا پر قومی اسکواڈ سے متعدد مرتبہ دوررکھے جانیوالے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے ثبوت دیاکہ وہ فٹ اور مضبوط اعصاب کے مالک ہیں، اب کپتان مصباح کوذمہ دارانہ بیٹنگ کرنا ہوگی، حنیف محمد نے مزید کہا کہ شروع میں وکٹ قدرے مختلف رہی جسے اچھا نھیں کہا جاسکتا، اس پرفاسٹ بولرکیلیے کوئی چانس نہیں ہے، وکٹ آگے چل کر اسپنرز کیلیے مددگار ہوگی چنانچہ پاکستان کو اس سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔