افغان فورسز کے آپریشن میں 37 طالبان جنگجو ہلاک، 10 گرفتار

خبر ایجنسیاں  جمعرات 23 اکتوبر 2014
ہتھیار اور بارودی مواد برآمد، ہلمند میں خودکش کار بم دھماکے میں 3 پولیس اہلکار زخمی، ہدف سربراہ بارڈر پروٹیکشن فورس تھے،سیکیورٹی افسر۔ فوٹو: فائل

ہتھیار اور بارودی مواد برآمد، ہلمند میں خودکش کار بم دھماکے میں 3 پولیس اہلکار زخمی، ہدف سربراہ بارڈر پروٹیکشن فورس تھے،سیکیورٹی افسر۔ فوٹو: فائل

کابل: افغان نیشنل سیکیورٹی فورسزکے آپریشن میں37 طالبان جنگجو ہلاک اور6 زخمی ہوگئے جب کہ 10 کو گرفتار کرلیا گیا۔

افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل پولیس،آرمی اور انٹیلی جنس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشترکہ طور پر آپریشن کیا جس میں 37 طالبان ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے جب کہ 10 کو گرفتار کر لیا گیا۔ زیادہ ترجنگجو قندھار کے ضلع میواند میں آپریشن کے دوران مارے گئے۔ آپریشن قندھار،غزنی،خوست، ننگرہار میں کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں ہتھیار اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا۔

دوسری جانب جنوبی صوبہ ہلمند کے نائب وزیر داخلہ جنرل ایوب سلنگی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ لشکرگاہ شہرمیں ہونیوالے خودکش دھماکے میں3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ایک مقامی سیکیورٹی افسر کا کہنا تھا کہ خودکش بمبارکا ہدف بارڈر پروٹیکشن فورس کے پولیس سربراہ تھے۔طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے تاحال دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔غیرملکی خبررساں ادارے نے افغان وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا آپریشن کے دوران کوئی سیکیورٹی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔