شیخوپورہ میں پی پی 162 کے ضمنی انتخاب کا میدان (ن) لیگ نے مار لیا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 اکتوبر 2014
حسان ریاض کی کامیابی پر لیگی کارکنوں کا جشن اور ہوائی فائرنگ۔ فوٹو فائل

حسان ریاض کی کامیابی پر لیگی کارکنوں کا جشن اور ہوائی فائرنگ۔ فوٹو فائل

شیخوپورہ کےصوبائی حلقے پی پی 162 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوارحسان ریاض  غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد گلفام کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کے دوران حکمران جماعت کے امیدوارحسان ریاض نے 39 ہزار 395 ووٹ جب کہ ان کے حریف آزاد امیدوار عثمان نثار نے 21 ہزار 418 ووٹ حاسل کئے، غیر سرکاری نتائج کا اعلان ہوتے ہی لیگی کارکنوں نے جیت کا جش منایا اورکافی دیر تک شدید ہوائی فائرنگ کرتے رہے جب کہ اس دوران مٹھائی بھی تقسیم کی گئی، آزاد امیدوار عثمان نثار کو پاکستان تحریک انصاف کی حمایت بھی حاصل تھی۔

ضمنی انتخاب میں پولنگ کے عمل کے دوران نارنگ منڈی میں مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار چوہدری عثمان کے حامیوں کے درمیان تصادم کے باعث ووٹنگ کچھ دیر کے لئے روک دی گئی تھی تاہم اس دوران رینجرز کی نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔