اسپتالوں میں سینئر سٹیزنز کلینک قائم کیے جائیں گے، کمشنر

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 اکتوبر 2014

کراچی: کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ جناح اسپتال، سول اسپتال، اسپنسر آئی اسپتال اور عباسی شہید اسپتال سمیت کراچی کے تمام سرکاری اسپتالوں میں سینئر سٹیزنز کلینک قائم کیے جائیں گے۔

اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا،جس میں سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر بلدیہ عظمی ،ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمداور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عباسی شہید اسپتال میں سینئر سٹیزنز کلینک کا افتتاح 30 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کراچی میں پہلے سینئر سٹیزنز کلینک کا افتتاح کریں گے، اس موقع پر سینئر سٹیزنز کلینک پر متعین ڈاکڑز، عملہ، والنٹیئر اورسینئر سٹیزنز کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں اور میڈیا کو بھی مدعوکیا جائے گا،علاوہ ازیں شہری انتظامیہ نے پرائس کنڑول مہم اور اقدمات کو تیز کر نے اور مہنگائی کے مر تکب دکانداروں کے خلاف عدالتی اختیارات کو فعال بنانے کے لیے روزانہ پرائس عدالتیں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تمام ضلعی فوکل پرسنز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور دیگر مجسٹریٹس اپنے ضلع میں اور سب ڈویژنز میں پرائس عدالتوں میں مہنگائی کے مرتکب دکانداروں کو طلب کر کے عدالتی اختیارات کو عوام کے مفاد میںزیا دہ سے زیادہ سختی سے استعمال کریں گے، قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مہنگائی کرنے والے دکانداروں اور تاجروں کو سخت سزائیں دیں گے اور زیادہ سے زیادہ جرمانے کریں گے، اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کے اجلا س میں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔