انٹرنیشنل اسکواش، عامر اطلس ٹائٹل کے حصول سے محروم رہ گئے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 24 اکتوبر 2014
16اکتوبر سے شروع ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ میں 7غیر ملکیوں سمیت 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی، فوٹو: اے ایف پی/فائل

16اکتوبر سے شروع ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ میں 7غیر ملکیوں سمیت 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی، فوٹو: اے ایف پی/فائل

اسلام آباد: چیف آف ایئر اسٹاف اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی اسٹار عامر اطلس ٹائٹل کے حصول سے محروم رہ گئے۔

مصری حریف عمرعبد المغید نے فائنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری تینوں گیمز جیت کر ٹرافی اپنے نام کرلی، چیف آف ایئر اسٹاف اور قومی اسکواش فیڈریشن کے صدر طاہر رفیق بٹ نے انعامات تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں7 سالہ تعطل کے بعد منعقد ہونے والا25 ہزار ڈالر انعامی رقم کا حامل پی ایس اے ایونٹ گذشتہ روز اختتام کو پہنچا، فائنل میں عامر اطلس خان کو ٹاپ سیڈ مصری حریف عمر عبدالمغید کا چیلنج درپیش تھا، ہوم کراؤڈ کی سپورٹ میں پاکستانی کھلاڑی نے ابتدائی دونوں گیمز باآسانی11-6 اور11-6 سے جیت کر برتری حاصل کی۔

بعد ازاں مصری پلیئر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تیسرا گیم11-4 سے اپنے نام کرلیا، چوتھے گیم میں بھی ٹاپ سیڈ مکمل طور پر چھائے رہے اور عامر کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہ کیا،11-5 کی فتح کے بعد مقابلہ 2-2 سے برابر ہوگیا، آخری اور فیصلہ کن گیم میں دونوں پلیئرز کے مابین گھمسان کا رن پڑا،کبھی عامر تو کبھی عمر عبدالمغید آگے چلے جاتے لیکن آخری لمحات میں قسمت ٹاپ سیڈ پلیئر پر مہربان رہی، انھوں نے11 کے مقابلے میں13پوائنٹس سے فتح حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل طاہر رفیق بٹ نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر سید رضی نواب،نائب صدر قمر زمان، سابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان و دیگر بھی موجود تھے۔ یادرہے کہ 16اکتوبر سے شروع ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ میں 7غیر ملکیوں سمیت 50 کھلاڑیوں نے شرکت کی،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاتح کھلاڑی عمر عبدالمغید نے کہا کہ عامر اطلس خان تجربہ کار اورخطرناک کھلاڑی ہیں، فائنل سے قبل ہی حکمت عملی تیار کرلی تھی کہ میزبان اسٹار کو کیسے ہرانا ہے۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے پاکستانیوں کی میزبانی کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے لیے انتہائی شاندار انتظامات کیے گئے، رنراپ عامر اطلس خان نے کہاکہ ہارجیت کھیل کا حصہ اور خوشی ہے کہ بہتر رینک کھلاڑی کو فائنل میں مشکل کا شکار کیا، انھوں نے کہا کہ ملک میں اسکواش کی بحالی میں پی ایس ایف کا کردار قابل ستائش ہے، امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کی میزبانی ملتی رہے گی۔

دریں اثنا پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدرچیف آف ایئراسٹاف طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کی بحالی کیلیے اہلیت ثابت کردی،پی ایس اے ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فیڈریشن اسکواش کے سنہری ماضی کو واپس لانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں ہے، انٹرنیشنل ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پلیئرز کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کریں گے، ہماری کوشش ہے کہ بہت جلد پاکستانی کھلاڑی عالمی سطح پر ایک بار پھر پہچان بنالیں، اگر پلیئرز نے بھی سخت محنت اور لگن کو شعار بنایا تو مستقبل میں کئی خوشخبریاں ملیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی آزمائش پر پورا اترچکے، اب مزید بڑے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی میزبانی دی جائے۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اکیڈمی کے قیام کیلیے وزارت بین الصوبائی رابطہ امور سے رابطہ ہوگیا، منصوبے پر بہت جلد پیش رفت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔