اورنگی ٹاؤن کے 2بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 24 اکتوبر 2014
پاکستان میں رواں سال پولیووائرس کے 219کیسوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔  فائل فوٹو

پاکستان میں رواں سال پولیووائرس کے 219کیسوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ فائل فوٹو

کراچی: کراچی اور ژوب میں پولیو کے 3نئے کیس سامنے آگئے ،یہ کیسز دنیامیں انسدادپولیوکے عالمی دن سے صرف ایک روز قبل سامنے آئے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیابھرمیں انسداد پولیوکاعالمی دن آج منایاجارہاہے، صوبائی محکمہ صحت کے مطابق جمعرات کو اورنگی ٹاؤن کی یوسی 3اتحاد ٹاؤن سے پولیو کے2  نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس میں 10ماہ کے عمیر ولد اجمل اور 3 سالہ کاشف میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے دونوں کا تعلق پشتون خاندان سے ہے اور دونوں بچوں کو پولیو کی خوراک بھی دی گئی تھی، کراچی سمیت ملک بھر میں پولیووائرس کے پھیلاؤکے خلاف آگاہی اورپولیو ویکسین کی افادیت کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

کراچی میں عالمی ادارہ صحت ،یونیسف اورمحکمہ صحت کے اشتراک سے اس سلسلے میں سیمینار ہونگے جس میں ماہرین طب پولیووائرس کے خلاف پولیوویکسین کی افادیت پر زور دیں گے واضح رہے کہ پاکستان میں رواں سال پولیووائرس کے 219کیسوں کی تصدیق کی جاچکی ہے جس میں صرف کراچی سے 19کیس رپورٹ ہوئے ہیں پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ پولیوکیس رپورٹ ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔