پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد پولیو کا دن منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک  جمعـء 24 اکتوبر 2014
پاکستان میں  رواں برس اس مہلک مرض میں مبتلا کیسز کی تعداد 220 ہوگئی ہے فوٹو فائل

پاکستان میں رواں برس اس مہلک مرض میں مبتلا کیسز کی تعداد 220 ہوگئی ہے فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کا عالمی دن منایا جارہا ہے لیکن وطن عزیز میں آج بھی ایک بچہ زندگی بھر کے لئے معذور ہوگیا۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 99 فیصد ممالک میں پولیو کا جڑ سے خاتمہ کردیا گیا ہے تاہم بدقسمتی سے پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں ہر سال سب سے زیادہ تعداد میں بچے زندگی بھر کے کے لئے معذور ہوجاتے ہیں، ملک سے اس مرض کے خاتمے کے لئے عالمی برادی کے تعاون سے کی جانے والی تمام حکومتی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے ہر روز ملک میں اس وائرس سے متاثرہ کیسز سامنے آرہے ہیں، آج بھی بلوچستان کے ضلع ژوب کی 23 ماہ کی بچی میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں برس اس مہلک مرض میں مبتلا کیسز کی تعداد 220 ہوگئی ہے۔

رواں برس سب سے زیادہ پولیو کیسز شمالی وزیرستان سے سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 70 ہے، اس کے علاوہ خیبرایجنسی میں 51 ، خیبر پختونخوا سے 45، کراچی میں 21، جنوبی وزیرستان میں 17، پشاور سے 15، بنوں سے 13 اور بلوچستان سے 7کیسز سامنے آچکے ہیں، اس کے علاوہ مردان، لکی، مروت، ٹانک، بونیر، سانگھڑ، شیخوپورہ، بھکر، چکوال اور شیخوپورہ سے بھی اس مہلک وائرس میں مبتلا کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔