قائداعظم ٹرافی، شعیب نے کراچی کے 5 پلیئرز کو ٹھکانے لگادیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
 حسن علی نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، وقاص احمداور علی زبیر نے 2,2 بیٹسمینوں کو رخصت کیا۔ فوٹو: پی سی بی/فائل

حسن علی نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، وقاص احمداور علی زبیر نے 2,2 بیٹسمینوں کو رخصت کیا۔ فوٹو: پی سی بی/فائل

لاہور: قائد اعظم ٹرافی گولڈ لیگ میں زرعی ترقیاتی بینک کے شعیب ملک نے کراچی ڈولفنز کے5 پلیئرز کو ٹھکانے لگا دیا، یوبی ایل نے پشاور پینتھرز کی بساط 98 پر لپیٹ دی، سوئی گیس کیخلاف لاہور لائنز232 پر ہمت ہارگئے۔

سلور لیگ میں یاسر عرفات کے بھرپور حملوں کے سامنے کراچی زیبراز صرف83 پر پسپا ہوگئے، پیسر نے 25 رنز کے عوض 4 وکٹیں اڑائیں، سیالکوٹ اسٹالینز کے حسن علی نے سوئی سدرن گیس کیخلاف 5 شکار کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں زرعی ترقیاتی بینک کے شعیب ملک نے میزبان ڈولفنز کی 5 وکٹیں اڑاتے ہوئے اننگز 222 پر محدود کردی، جنید نادر نے2پلیئرز کو آئوٹ کیا، فضل سبحان نے 68 رنز کی اننگز کھیلی، محمد حسن 57 رنز کے ساتھ آخرتک ڈٹے رہے۔

جواب میں زیڈ ٹی بی ایل کیلیے بھی شام کا سیشن اچھا ثابت نہ ہوا اور صرف 50 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں، زوہیب خان 18 اور شعیب ملک 8 رنز کے ساتھ دوسرے دن کا آغاز کریں گے۔ ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں یو بی ایل کیخلاف میزبان پینتھرز پہلی اننگز میں صرف 98 پر پویلین لوٹ گئے، حسن محمود نے4 جبکہ رومان رئیس، عادل رضا اور پرنس عباس نے 2,2 وکٹوں کا بٹوارا کیا، عزیز اللہ ہی صرف 35 رنز کے ساتھ مزاحمت کرنے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں یونائیٹڈ بینک نے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک 1 وکٹ پر 64رنز اسکور کرلیے۔

قذافی اسٹیڈیم میں لاہورلائنز نے نادرن گیس کیخلاف پہلی اننگز میں 232 رنز بنائے، رضاعلی ڈار نے 62 رنز کی اننگز کھیلی، ارسلان باجوہ ایک رن کی کمی سے نصف سنچری نہ بنا سکے، سعد نسیم 43 پر آئوٹ ہوئے، عمران خلیل نے 51 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، اسد علی اور عاطف جبار نے 2,2 شکار کیے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹائیگرز نے واپڈا کو 185 پر ڈھیر کردیا، مجاہد علی اور محمد آصف نے 4,4وکٹیں لیں، عامر سجاد 62 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، میزبان ٹیم نے ایک اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 6رنز بنا لیے تھے۔

ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں نیشنل بینک اور میزبان لیپرڈز کا مقابلہ بارش کے باعث شروع نہ ہوسکا، پنڈی اسٹیڈیم میں بھی راولپنڈی ریمنز اور پوٹ قاسم کے کھلاڑی پویلین تک ہی محدود رہے۔ دوسری طرف سلور لیگ میں کے آر ایل نے یاسر عرفات کے بھرپور حملوں کی بدولت کراچی زیبرازکو83 رنز پر ڈھیر کردیا، پیسر نے صرف 25 رنز دے کر4 قیمتی وکٹیں اپنے نام کیں،محمد عرفان نے 3 اور صدف حسین نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کرتے ہوئے ان کا بھرپور ساتھ دیا، احمد اقبال38 اور اویس احمد رحمانی 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں کے آر ایل نے 4 وکٹ پر 154 رنز بنالیے، امام الحق 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، عثمان ارشد 33 کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں میزبان ایگلز نے پی آئی اے کیخلاف پہلی اننگز میں 7 وکٹیں گنوانے کے بعد 203 رنز بنالیے، آصف رضا 64 کے ساتھ نمایاں رہے، محمد وحید نے35 اور جہانگیر مرزا نے24رنز اسکور کیے، حضرت شاہ اورطاہر خان 2,2 وکٹیں لینے میں سرخرو ہوئے۔

جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں سوئی سدرن گیس کی ٹیم میزبان اسٹالینز کے سامنے 210 پر آئوٹ ہوگئی، حسن علی نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، وقاص احمداور علی زبیر نے 2,2 بیٹسمینوں کو رخصت کیا، عثمان طارق66 رنز پر آئوٹ ہوئے، طابش خان نے ناقابل شکست 43 رنز بنائے۔ جواب میں میزبان ٹیم 4 اوورز کھیل کر 8 رنز پر 2 وکٹیں گنوا چکی ہے، دونوں شکار تابش خان نے کیے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ایچ بی ایل کے بیٹسمین میزبان وولفزکے بولرز پر حاوی نظر آئے، ٹیم نے ابتدائی روز صرف 6 وکٹیں گنوا کر 240 رنز بنائے، اسد بیگ 72 اور فخر زمان 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عمران علی اور شہروز رضا نے 2,2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں میزبان فالکنز کے بیٹسمینوں نے بھی اسٹیٹ بینک کے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 69 اوورز کے کھیل میں 5 وکٹوں پر 183 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، وقاص اورکزئی40 اور محمد علی38 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے، کلیم اللہ 46 کے ہمراہ وکٹ پر موجود ہیں، سعد الطاف نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔