الطاف حسین نے ملک میں غریبوں کی حکمرانی کی بنیاد ڈالی، حسن نثار

ایکسپریس ڈیسک  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
الطاف حسین نے ملک میں غریبوں کی حکمرانی اوربا اختیار عوام کی روایت کی بنیاد ڈالی تھی، حسن نثار۔ فوٹو: فائل

الطاف حسین نے ملک میں غریبوں کی حکمرانی اوربا اختیار عوام کی روایت کی بنیاد ڈالی تھی، حسن نثار۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: معروف تجزیہ نگار، سینئر قلمکار و اینکرحسن نثار نے کہاہے کہ ہمار ے معاشر ے میں نفرتوں کی بات کی جاتی ہے لیکن آج الطاف حسین تصنیف کے توسط سے محبت کی بات کررہے ہیں جس پر الطاف حسین اور ایم کیو ایم کومبارک بادپیش کرتا ہوں، حقیقی لیڈر ایک استاد کی طرح ہوتا ہے، میری الطاف حسین  اور ایم کیوا یم سے قربت کی اہم وجہ یہی وجہ ہے کہ الطاف حسین ایک سیاسی لیڈرنہیں بلکہ استاد ہیں۔

الطاف حسین نے ملک میں غریبوں کی حکمرانی اوربا اختیار عوام کی روایت کی بنیاد ڈالی تھی جس کی باتیں آج کے سیاسی لیڈرکررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے الطاف حسین کی تصنیف فلسفہ محبت کے انگریزی ترجمے’’ Philosophy Of Love‘‘کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں اسلام آبادکے میریٹ ہوٹل میں منعقدہ پروقار تقریب کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی نے کہاکہ الطاف حسین نے اپنے لوگوں کوہمیشہ سے ہی محبت کا درس دیا ہے۔

الطاف حسین نے مہاجرقومی موومنٹ کے نام سے اپنے گھر سے پیغام کو پھیلانے کاآغاز کیااور اب یہ نظر یہ ملک کے کونے کونے میں پہنچ چکاہے۔فاروق ستارنے کہا کہ الطاف حسین کی محبت صرف ایک فردیاطبقے کیلیے نہیں ہے بلکہ ملک کے 98فیصد غریب متوسط طبقے کے عوام اورپو ری انسانیت کیلیے ہے،ہمیں ملک سے خاندانی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس نظام کا قلعہ قمع کرناہوگا جو گزشتہ 67برسوں سے معصو م عوام کو بے وقوف بنارہا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سیدنے کہا کہ الطاف حسین کی محبت کے مختلف پہلوئوں پرتصنیف ایک ایسے وقت میں بہت اہم ہے کہ جب ملک اور امت مسلمہ کو محبت کی ضرورت ہے۔ذوالفقارسندھو نے کہا کہ الطاف حسین کی تصنیف فلسفہ محبت صرف ایک کتاب نہیں بلکہ ہمارے عہدکی انتہائی اہم ضرورت ہے۔ماوری سرمد نے کہاکہ الطاف حسین ملک کی سیاست میں سختی کاخاتمہ کر کے تبدیلی لے آئے ہیں۔ میاں عتیق نے کہاکہ ہمارافریضہ ہے کہ ہم الطاف حسین کے محبت کے پیغام کوسرحدوںکی قیدسے دور پوری دنیا میں پہنچائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔