میٹھادرایدھی سینٹر میں ڈکیتی کا مرکزی ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
ملزم نے مسروقہ سونے اور دیگر نقدی کے علاوہ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے، پولیس فوٹو: فائل

ملزم نے مسروقہ سونے اور دیگر نقدی کے علاوہ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے، پولیس فوٹو: فائل

کراچی: پولیس نے میٹھا در ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مسروقہ سونے اور نقدی کی برآمدگی کے لئے کارروائی جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایدھی سینٹر میٹھادر میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد 16 سال سے ڈکیتیوں کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور کئی ماہ جیل میں بھی رہ چکا ہے، رواں برس اس نے ایدھی سینٹر کے علاوہ دیگر کئی وارداتیں بھی کی ہیں، ملزم نے مسروقہ سونے اور دیگر نقدی کے علاوہ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جس پر کارروائیاں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار 8سے 10 ڈاکو میٹھا در میں واقع ایدھی سینٹر میں عبدالستار ایدھی اور دیگر عملے کو یرغمال بنا کر لاکھوں ڈالر سمیت کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور 5 کلو سونا لوٹ کر فرار ہوگئےتھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔