ملتان میں بلی کو بچانے کے لئے مالک 90 فٹ گہرے کنویں میں اتر گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
ریسکیو 1122 نے دو گھنٹے کی محنت کے بعد بلی اور عابد کو باہر نکالا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ریسکیو 1122 نے دو گھنٹے کی محنت کے بعد بلی اور عابد کو باہر نکالا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ملتان: وطن عزیز میں جہاں انسان مذہب ، زبان اور نسل کے نام پر ایک دوسرے کا دشمن بنابیٹھا ہے وہیں ایسے بھی لوگ ہیں جو جانوروں کے لئے اپنی جان بھی جوکھم میں ڈال دیتے ہیں، اولیا کے شہر میں بھی ایسا ہی ایک شخص اپنی بلی کو بچانے کے لئے 90 فٹ گہرے کنویں میں اتر گیا۔

ملتان میں عابد نامی شخص کی پالتو بلی کنویں میں جاگری، اندھیرے اور پانی سے ڈر کر بلی نے زور زور سے چلانا شروع کردیا، جس پر عابد اور اس کے دوستوں نے بلی کو نکالنے کی بہت کوشش کی تاہم انہیں کامیابی نہ ہوئی، تھک ہار کرعابد نے بلی کو بچانے کے لئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے کا فیصلہ کیا اور خود ہی کنویں سے پانی نکالنے کے لئے لگائے گئے پائپ کے ذریعے نیچے اترا، اسی دوران اس کا پاؤں پھسلا اور وہ کنویں میں جاگرا، عابد اور بلی کو بچانے کے لئے ریسکیو 1122 کو بلایا گیا جس نے دو گھنٹے کی محنت کے بعد دونوں کو باہر نکالا۔

واقعے کے نتیجے میں بلی کو تو کچھ بھی نہ ہوا لیکن عابد زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عابد کو پیر ، ہاتھ اور پسلیوں میں چوٹیں آئی ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔