عوامی تحریک عام انتخابات سمیت ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لے گی، ڈاکٹر طاہرالقادری

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ان کے اہل خانہ میں سے کسی نے مجھ سے ملاقات نہیں کی، ڈاکٹر طاہرالقادری، فوٹو:ایکسپریس نیوز

وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ان کے اہل خانہ میں سے کسی نے مجھ سے ملاقات نہیں کی، ڈاکٹر طاہرالقادری، فوٹو:ایکسپریس نیوز

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عام انتخابات سمیت ضمنی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے سیاسی جنگ کا آغاز کردیا ہے اب انتخابی میدان کو خالی نہیں چھوڑیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ خود اور آزادانہ طور پر کیا جس سے عمران خان کو عید سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا تاہم ڈیل کی باتیں کرنے والے جھوٹے ہیں، حکومت کے ساتھ مکمل ڈیڈ لاک برقرار ہے جبکہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت ان کے اہل خانہ میں سے کسی نے مجھ سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے لوگوں میں شعور آگیا ہے اب انہیں ملک کے کونے کونے میں پھیلائیں گے جبکہ عوام نے انقلاب سے تعلق جوڑ لیا ہے اور یہ انقلاب ان کےذہنوں میں آچکا ہے ، ہم جگہ جگہ جاکر عوام کو انقلاب کا حصہ بنائیں گے۔

طاہرالقادری نے کہا قوم گواہ ہے کہ میں ملک میں انقلاب لانے، سیاسی جدوجہد اور نظام کی تبدیلی کے لیے واپس آیا ہوں اور انہیں منطقی انجام تک پہنچانے سے پہلے واپس نہیں جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی جنگ کا آغاز کردیا ہے اب انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے اور عوامی تحریک عام انتخابات کے ساتھ ضمنی اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بیرون ملک غیر فعال تنظیم کو بھی فعال کردیا ہے اور دھرنوں میں وقفے کے دوران بیرون ملک جاکر اسے فعال کریں گے اور عوامی تحریک کو ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بنائیں گے جبکہ اس بار میرا ملک سے باہر جانا یہاں واپس آنے کے لیے ہوگا اس لیے کسی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔