پولیو کے عالمی ادارے کی پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کو این ڈی ایم اے کے سپرد کرنے کی سفارش

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
آپریشن ضرب عضب نے انسداد پولیو مہم کے لیے 3 لاکھ بچوں تک رسائی ممکن بنادی ہے،رپورٹ، فوٹو؛فائل

آپریشن ضرب عضب نے انسداد پولیو مہم کے لیے 3 لاکھ بچوں تک رسائی ممکن بنادی ہے،رپورٹ، فوٹو؛فائل

پولیو کے عالمی ادارے انڈیپنڈنگ مانیٹرنگ بورڈ(آئی ایم بی) نے پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کو ہنگامی طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے سپرد کرنے کی سفارش کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق پولیو کے عالمی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پولیو کی روک تھام کے لیے ایمرجنسی سینٹر کا قیام اہم اور خوش آئند ہے تاہم پاکستان کا پولیو پروگرام موثر قیادت سے محروم ہے اسے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے سپرد کیا جائے کیونکہ انسداد پولیو کے لیے این ڈی ایم اے اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ مہم میں سول سوسائٹی کو بھی متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب نے انسداد پولیو مہم کے لیے 3 لاکھ بچوں تک رسائی ممکن بنادی ہے لیکن وزیرستان سے نکلنے والے لوگ پولیو وائرس بھی منتقل کررہے ہیں اس لیے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے پولیو کے قطرے پلانے کے عارضی مراکز بنائے جائیں۔ آئی ایم بی کی رپورٹ میں پاکستان سمیت 9 ممالک سے سفر کرنے والوں کے پولیو سرٹیفکیٹ چیک کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انڈیپنڈنگ مانیٹرنگ بورڈ(آئی بی ایم) اقوام متحدہ کے لیے سفارشات تیار کرتا ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔