عمران الزامات ثابت کردیں توسیاست چھوڑدونگا، خورشید شاہ

اے پی پی  اتوار 26 اکتوبر 2014
شیخ رشید کے کسی الزام پر تبصرہ کرنامناسب نہیں سمجھتا، خورشید شاہ  فوٹو: فائل

شیخ رشید کے کسی الزام پر تبصرہ کرنامناسب نہیں سمجھتا، خورشید شاہ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان میرے خلاف الزامات ثابت کردیں تومیں سیاست چھوڑ دوں گا ورنہ وہ قوم سے معافی مانگیں۔

پی ٹی وی کے مطابق انھوں نے یہ بات سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ میرے خلاف کرپشن کے کیسز عدالت میں لے آئیں جن کے بعد میں آن دی ریکارڈ یہ بات کہتا ہوں کہ ان الزامات کے ثابت ہونے پرمیں سیاست سے رٹائرڈ اور اپوزیشن لیڈرکے عہدے اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہوجاؤں گا۔

خورشید شاہ نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ وہ تین دنوں کے اندر مجھ پر لگائے گئے الزامات ثابت کر دیں یا پھر قوم سے معافی مانگیں ۔ انہوں نے کہاکہ شیخ رشید کبھی ایک دھرنے میں کبھی دوسرے دھرنے میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے کسی الزام پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔