رسول اللہ ﷺکی شان کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا گستاخی ہے،خورشید شاہ

ویب ڈیسک  اتوار 26 اکتوبر 2014
پیپلزپارٹی نوازشریف کی حکومت کو سپورٹ نہیں کررہی بلکہ ہم پاکستان کی خودمختاری کو بچارہے ہیں، خورشید شاہ  فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی نوازشریف کی حکومت کو سپورٹ نہیں کررہی بلکہ ہم پاکستان کی خودمختاری کو بچارہے ہیں، خورشید شاہ فوٹو: فائل

سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اللہ کو معلوم ہے کہ کون بہتر مسلمان ہے اور رسول اللہ ﷺ کی شان کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنا گستاخی ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اردو بولنے والے ہمارے بھائی ہیں اور  ہم سب سندھی ہیں کسی کو صوبہ توڑنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں میرا بڑا کردار ہے، سازشوں کے باوجود مجھے عوام نے 8 بار منتخب کرایا، سندھ ہماری پہچان ہے اور نفرتوں سے ملک کو بہت نقصان ہوگا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نوازشریف کی حکومت کو سپورٹ نہیں کررہی بلکہ ہم پاکستان کی خودمختاری کو بچارہے ہیں، سندھ کی تقسیم ہرگز برداشت نہیں کریں گے، سندھ کے لئے کٹ مرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے خاندان سے ہے اور کوئی بھی مسلمان حضورﷺ کی گستاخی کا سوچ بھی نہیں سکتا، مذہت اور سیاست میں تفریق رکھی جانی چاہیئے، حضورﷺکی شان کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا گستاخی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خورشید شاہ نے لفظ مہاجر کو گالی کہا جس کے خلاف آج ایم کیو ایم کی جانب سے یوم سیاہ منایا جا رہا ہے اور احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔