’’حیدر‘‘ نے روم فلم فیسٹیول ایوارڈ جیت لیا، سرفخر سے بلند ہوگیا، شردھا کپور

شوبز ڈیسک  پير 27 اکتوبر 2014
فلم ’’حیدر‘‘ رواں ماہ 2 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی جس میں مرکزی کاسٹ شاہد کپور‘ شردھا کپور‘ تبو اور کے کے مینن ہیں۔ فوٹو: فائل

فلم ’’حیدر‘‘ رواں ماہ 2 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی جس میں مرکزی کاسٹ شاہد کپور‘ شردھا کپور‘ تبو اور کے کے مینن ہیں۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: بالی ووڈ اسٹار شردھا کپور اور شاہد کپور کی نئی فلم ’’حیدر‘‘ نے اٹلی میں ہونے والے روم فلم فیسٹیول میں ’’پیپلز چوائس ایوارڈ‘‘ جیت لیا ہے جس پر فلم کی پوری ٹیم کے لیے یہ ایک قابل فخر بات ہے جب کہ اس فلم کو دنیا بھر میں دیکھنے والوں نے ایک بہترین فلم قرار دیا ہے۔

فلم کے پہلی مرتبہ روم فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے کے موقع پر اداکارہ شردھا کپور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ہم جیت گئے، حیدر پہلی بھارتی فلم ہے جس نے اس کیٹگری میں پہلی مرتبہ ایوارڈ جیتا ہے‘ میں بہت شکر گزار ہوں اور خوش ہوں‘ یہ میرے لیے قابل فخر بات ہے ‘‘۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ’’حیدر ‘‘ کو ایک دن قبل اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا جہاں مقبوضہ کشمیر کی حالت زار پر بنائی جانے والی اس فلم کی تنقید نگاروں نے بھی تعریف کی ہے۔

ڈائریکٹر وشال بھردواج کی یہ فلم ’’حیدر‘‘ پہلی بھارتی فلم ہے جس نے روم فلم فیسٹیول میں پہلی مرتبہ ’’People’s Choice Award ‘‘ ایوارڈ جیتا ہے۔ روم میں اس میلے میں فلم کے ہیرو شاہد کپور اور فلمساز وشال بھرد واج بھی فلم ’’حیدر ‘‘ دکھائے جانے کے موقع پر موجود تھے۔ فلم دکھائے جانے کے موقع پر دونوں ہی ریڈ کارپٹ پر آئے تو ہر طرف سے ان کے مداحوں نے پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا جو کہ ان کی ایک جھلک دیکھنے وہاں آئے تھے۔

فلم ’’حیدر‘‘ رواں ماہ 2 اکتوبر کو ریلیز کی گئی تھی جس میں مرکزی کاسٹ شاہد کپور‘ شردھا کپور‘ تبو اور کے کے مینن ہیں۔ اس موقع پر شاہد کپور نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھارتی فلم کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے‘ پیپلز چوائس روم فلم فیسٹیول کی بڑی کیٹیگریوں میں سے ایک ہے‘ ایوارڈ جیتنا میرے لیے باعث فخر اور اس پر جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔اب تک اس فلم ’’حیدر ‘‘ نے صرف بھارت میں 58 کروڑ 30 لاکھ کا بزنس کر لیا ہے اور سینما گھروں میں اس کا تیسرا ہفتہ جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔