کامیاب ترین ٹیسٹ قائد:مصباح اعزاز سے 1فتح دور

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 29 اکتوبر 2014
 ابوظبی میں اب تک5 میں سے صرف2 ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوئے  ،  فوٹو؛ فائل

ابوظبی میں اب تک5 میں سے صرف2 ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوئے ، فوٹو؛ فائل

ابو ظبی: مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان بننے کے سنگ میل سے ایک فتح دور ہیں۔

اگر وہ ابوظبی میں جمعرات سے شروع ہونے وال میچ بھی جیتنے میں کامیاب ہوگئے تو اولیت کا تاج ان کے سر کی زینت بن جائے گا، وہ  اس وقت13 ٹیسٹ فتوحات  کے ساتھ عمران خان اور جاوید میانداد کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں جنھوں نے14، 14 میچ جیتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی چند بڑی خامیوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ اکثر حاصل ہونے والی برتری کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو پاتی، گذشتہ سال پاکستان نے اس وقت کی عالمی نمبر ایک ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ابوظبی ٹیسٹ7 وکٹ سے جیتا لیکن اگلے ہی میچ  میں شکست کے نتیجے میں سیریز نہ جیتی جا سکی تھی۔

دریں اثنا ابوظبی میں اب تک5 میں سے صرف2 ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوئے، ان میں پاکستان نے انگلینڈ کو 72 رنز اور جنوبی افریقہ کو 7 وکٹ سے ہرایا تھا،  اس وینیو  کی پچ پر فاسٹ بولر اور اسپنرز  دونوں کامیاب رہے ہیں، سعید اجمل اور جنید خان دونوں 18، 18 وکٹیں حاصل کر کے سب سے آگے ہیں، اس میدان میں سب سے زیادہ 540 رنز  مصباح الحق نے 90 کی اوسط سے اسکور کیے، اس میں2سنچریاں اور3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔