کینگروز نے اسپن اٹیک کا توڑ ڈھونڈنے کیلیے سر جوڑ لیے

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  بدھ 29 اکتوبر 2014
 دبئی میں کینگروز کو 221 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا،  فوٹو: اے ایف پی/فائل

دبئی میں کینگروز کو 221 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، فوٹو: اے ایف پی/فائل

ابو ظبی: کینگروز نے اسپن اٹیک کا توڑ ڈھونڈنے کیلیے سر جوڑ لیے، آسٹریلوی ٹیم ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کی وڈیوز دیکھ کر حکمت عملی تیار کرنے لگی۔

ابوظبی ٹیسٹ میں گلین میکسویل کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے، کپتان مائیکل کلارک کہتے ہیں کہ سلو بولرز کیخلاف اپنی کمزوری کو دور کرنا ہوگا، کوچ ڈیرن لی مین سمجھتے ہیں کہ کھلاڑیوں کے سر پر اسپنرز کا خوف سوار ہے، وہ سیدھی گیندوں پر بھی آؤٹ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ابوظبی میں جمعرات سے شروع ہورہا ہے، دبئی میں کینگروز کو 221 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، پاکستانی اسپن جوڑی ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے مجموعی طور پر20 میں سے 14 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ایشیا میں آسٹریلیا کی اسپن اٹیک کے سامنے یہ مسلسل پانچویں ٹیسٹ شکست ہے۔

اس سے قبل بھارت نے اس کیخلاف گذشتہ برس 4-0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ کیلیے میدان میں اترنے سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے اسپن اٹیک سے نمٹنے کیلیے سر جوڑ لیے ہیں، خاص طور پر ذوالفقار اور یاسر شاہ کی بولنگ کی ویڈیو دیکھ کر بیٹسمینوں نے اپنی خامیوں کا جائزہ لیا اور نیٹس میں ان کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے آل راؤنڈر میکسویل کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

ان کیلیے مچل مارش یا پھر ڈولان میں سے کسی ایک کو جگہ چھوڑنا پڑیگی۔ کپتان کلارک نے کہاکہ مجھے اس بات کا یقین ہے کہ ہم یہ سیریز برابر کرسکتے ہیں لیکن اس کیلیے سلوبولرز کے خلاف خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔ کوچ ڈیرن لی مین بدستور دبئی ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کی خراب کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرنے میں مصروف ہیں، انھوں نے کہاکہ ہمیں سیدھی گیندوں کو بہتر انداز میں ہٹ کرنے  کی ضرورت ہے، اس کیلیے گیند پر شروع سے ہی نظر رکھنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔