پنجاب ہاؤس سمیت 9 منصوبوں میں کرپشن کی شکایت

یعقوب ملک  بدھ 29 اکتوبر 2014
ایکسیئن، اوورسیئر پر الزام ہے، شکایت کنندہ بلیک میل کررہا ہے، ایکسیئن عرفان۔ فوٹو: فائل

ایکسیئن، اوورسیئر پر الزام ہے، شکایت کنندہ بلیک میل کررہا ہے، ایکسیئن عرفان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: صوبائی محکمہ بلڈنگ راولپنڈی کے دو افسروں کے خلاف بھوربن مری میں وزیراعظم انیکسی، پنجاب ہاؤس اسلام آباد سمیت 9 تعمیراتی منصوبوں میں کرپشن اوربے ضابطگیوں کی شکایات پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن کووزیراعظم انیکسی، پنجاب ہاؤس مری کے علاوہ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ، ریجنل پولیس آفس راولپنڈی، گورنمنٹ وقارالنساء کالج ، گورنمنٹ گرلز کالج ڈھوک الٰہی بخش، گورنمنٹ بوائز کالج اصغرمال، سپرنٹنڈنٹ انجینئرنگ آفس اورایک زرعی فارم کی تعمیرمیںکرپشن کی شکایت ملی تھی۔ریجنل ڈائریکٹراینٹی کرپشنن نے ایکسیئن عرفان احمدقاضی اور اوورسیئر ثناء اللہ کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبائی محکمہ بلڈنگ سے ان منصوبوں سے متعلق متعلق حکام سے ریکارڈطلب کرلیا ہے۔

ان منصوبوں میں تعیمرات سے زیادہ پیمائش اورٹھیکہ دینے میں بے ضابطگیوں کی شکایت ملی تھی۔ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کودستیاب دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی حماداسلم نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کوشکایت بھیجی تھی کہ ایسیئن اوراوورسیئر نے ان تعمیرات، عمارتوں کی تزئین وآرائش اور بحالی کے کاموں میں بے ضابطگیاں کی ہیں۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد کی تزئین وآرائش کے ٹھیکہ میں قومی خزانہ کو دو کروڑ20لاکھ روپے نقصان پہنچانے کاالزام ہے۔اس کام میں ایک ٹھیکیدار کو فرنٹ مین رکھاگیا جس نے منصوبے کا تخمینہ اورپیمائش میں بے ضابطگیاں کیں۔ شکایت کنندہ نے اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کودستاویزی شواہدکے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرایا ہے۔

راولپنڈی ریجن کے اینٹی کرپشن ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان امجدبھٹی نے تصدیق کی کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارشدمحمودکی نگرانی میں اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔اس حوالے سے جب ایکسیئن عرفان احمد قاضی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے الزامات کی تردید کی اورانہیں بے بنیاد قرار دیا اورکہاکہ تمام تعمیراتی کام شفاف اندازمیں اور قواعد کے مطابق مکمل کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا شکایت کنندہ حمادانہیں بلیک میل کررہا ہے اور وہ انکوائری میں اپنی پوزیشن واضح کردیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔