ابو ظہبی ٹیسٹ؛ یونس اور اظہرکی سینچریوں کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پوزیشن مستحکم

ویب ڈیسک  جمعرات 30 اکتوبر 2014
یونس خان کو پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ فوٹو: فائل

یونس خان کو پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ فوٹو: فائل

ابو ظہبی: یونس خان اور اظہر علی کی شاندار سینچریوں کی بدولت آسٹرلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے رنزوں کے ڈھیر لگا دیئے اور پہلے دن کے اختتام پر صرف 2 وکٹ کھو کر 304 رنز بنا لیے ہیں۔ 

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ کپتان کی امیدوں کے مطابق رہا، احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 57 رنز کی  اوپننگ شراکت قائم کی، احمد شہزاد 35 رنز بنا کر لیون کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تو محمد حفیظ کا ساتھ نبھانے ون ڈاؤن پوزیشن پر اظہر علی کریز پر اترے ۔ دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی اسکور کو 96 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر مچل جانسن نے محمد حفیط 45 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین بھجوایا۔

حفیظ کے آؤٹ ہونے پر دبئی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے یونس خان میدان میں اترے، دونوں کھلاڑی کینگروز بالروں کے سامنے ڈٹ کر بلے بازی کے جوہر دکھانا شروع کیے اور آسٹریلوی بولروں کی ایک نہ چلنے دی  اور ان کا ہرحربہ ناکام بنادیا، یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف مسلسل تیسری اننگز میں بھی سنچری اسکور کی  جب کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے جب کہ اظہرعلی نے بھی سنچری بنا کر آسٹریلیا کے خلاف اپنی سنچریوں کا کھاتہ کھول دیا،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک ناقابل شکست 208 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے،  آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانس اور لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 89 سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب دنیا کے کسی بھی بیٹسمین نے کینگروز کے خلاف لگاتار 3 سینچریاں بنائیں اوریہ اعزاز یونس خان کو حاصل ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دے کر  2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔