دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت تک توسیع

ویب ڈیسک  جمعرات 30 اکتوبر 2014
فوجی اہلکار پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم اور پاکستان سیکریٹریٹ سمیت اہم عمارتوں پر سکیورٹی کے لیے بدستور فرائض انجام دیں گے، فوٹو:فائل

فوجی اہلکار پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم اور پاکستان سیکریٹریٹ سمیت اہم عمارتوں پر سکیورٹی کے لیے بدستور فرائض انجام دیں گے، فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت  میں فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کردی ہے جس کے بعد  فوج کے  اہلکار وفاقی دارالحکومت میں اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں فوج کی تعینات کی مدت ختم ہونے پر اس میں توسیع کی گئی ہے اور مستقبل میں بھی ضرورت پیش آئی تو آرٹیکل 245 کے تحت  فوج کی تعیناتی میں توسیع کردی جائے گی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے توسیع کے بعد پاک فوج کے اہلکار پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم سیکریٹریٹ، پاکستان سیکریٹریٹ اور کابینہ ڈویژن سمیت اسلام آباد کی اہم عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے بدستور فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے رد عمل کے پیش نظر 24 جولائی کو اسلام آباد میں 3 ماہ کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور اب تعیناتی کی مدت ختم ہونے پر آرٹیکل 245 کے تحت اس میں توسیع کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔