قائد اعظم ٹرافی، ملتان ٹائیگر کو دن میں تارے نظر آگئے

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
محمد علی بھٹہ اور وقاص مقصود نے5,5 وکٹوں کا بٹوارا کیا، یاسر حسین 26پر ناٹ آؤٹ  رہے،  فوٹو: فائل

محمد علی بھٹہ اور وقاص مقصود نے5,5 وکٹوں کا بٹوارا کیا، یاسر حسین 26پر ناٹ آؤٹ رہے، فوٹو: فائل

لاہور: قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں ملتان ٹائیگرز کو دن میں تارے نظر آگئے۔

نیشنل بینک نے صرف 68 پر ٹھکانے لگانے کے بعد4 وکٹ پر 234 رنز اسکور بورڈ پرسجالیے، حماد اعظم اور احمد جمال کی شاندار بولنگ کے بعد کامران اکمل اور اکبر رحمانی نے ناقابل شکست ففٹیز بنائیں۔ واپڈا کے سامنے کراچی ڈولفنز کی ہمت صرف 80رنز پر جواب دے گئی، محمد علی بھٹہ اور وقاص مقصود نے5،5 وکٹوں کا بٹوارا کیا، یو بی ایل کے مقابل لاہور لائنز 216رنز تک ہی پہنچ سکے، اسلام آباد لیپرڈز کے شہزاد اعظم نے7 وکٹیں اڑاتے ہوئے سوئی نادرن گیس کو 262 پر پویلین بھیج دیا، سیالکوٹ اسٹالینز کے فیصل خان اور بلال آصف نے اسٹیٹ بینک کیخلاف سنچریاں جڑیں۔سوئی سدرن گیس کے تابش خان نے ایبٹ آباد فالکنزکے5 پلیئرزکوٹھکانے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق گولڈ لیگ کے چوتھے مرحلے میں ابتدائی روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل بینک نے میزبان ٹائیگرز کا جینا دوبھر کردیا، ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ پر مجبور میزبان ٹیم28.2 اوورز میں صرف68 رنز پر پویلین لوٹ گئی، ذیشان اشرف (28) اور محمد عرفان (10) کے سواکوئی بھی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، حماد اعظم نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں لیں، احمد جمال نے 3 اور ضیا الحق نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا، نیشنل بینک نے جوابی اننگز میں53 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر 234 رنز اسکور کرلیے، کامران اکمل 66 اور اکبر رحمانی 54 رنز کے ہمراہ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کریں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں واپڈا کے سامنے میزبان ڈولفنز ٹیم 80رنز پر پویلین لوٹ گئی، محمد علی بھٹہ اور وقاص مقصود نے5,5 وکٹوں کا بٹوارا کیا، یاسر حسین 26پر ناٹ آؤٹ  رہے، جواب میں واپڈا نے 3 وکٹ پر 148 رنز جوڑتے ہوئے پہلی اننگز میں 68کی برتری حاصل کرلی، عامر سجاد48 اور عدنان رئیس 40 رنزکے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں یو بی ایل کے سامنے لاہور لائنز 216 رنز بنا کر پویلین لوٹے، عمر صدیق 48 اور وقاص سلیم 43 بنانے میں کامیاب ہوئے،رومان رئیس نے 4 جبکہ عادل رضا اور علی زیدی نے 2,2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں میزبان پینتھرز نے پورٹ قاسم کو 166 پر آؤٹ کردیا، عزیز اللہ نے 5 وکٹیں اپنے نام کیں، جواب میں میزبان ٹیم نے بھی 80 پر 5 وکٹیں گنوا دیں، محمد سمیع نے20 رنز کے بدلے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں میزبان ریمز کیخلاف زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم 205 پر آؤٹ ہوگئی، رضوان اکبر نے 4 وکٹیں لیں، محمد خلیل 67 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ جواب میں راولپنڈی ریمز کی ٹیم14رنز پر 2 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔ سوئی نادرن گیس کیخلاف اسلام آباد لیپرڈز 262 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، علی وقاص نے 83 رنز کی اننگز کھیلی،شہزاد اعظم نے7 شکار کیے۔ سلور لیگ میں سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیٹ بینک کے بولرز کی خوب پٹائی کی، ٹیم نے پہلے دن5 وکٹیں گنواکر 277 رنز بنائے، فیصل خان 121رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جبکہ بلال آصف103 کے ہمراہ وکٹ پر موجود ہیں۔

ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سوئی سدرن گیس نے تابش خان کی5 وکٹوں کی بدولت فالکنز کو 223 پر محدود کردیا، سہیل اختر 77 اور رمیز احمد 42 رنز کے ہمراہ نمایاں رہے،طارق ہارون نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں کوئٹہ بیئرز کیخلاف پی آئی اے کی ٹیم صرف 179 پر ہمت ہار گئی، طاہر خان نے ناقابل شکست ففٹی بنائی، نذر حسین نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، شیر علی اور ضیااللہ نے 2,2 وکٹیں لیں، جواب میں کوئٹہ کو81 پر 4 قیمتی وکٹوں کا نقصان برداشت کرنے پڑا، رمیز راجہ 22 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔ نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں میزبان ہاکس نے کے آر ایل کے مقابل پہلی اننگز میں 213 رنز بنائے، فیصل اطہر نے ففٹی کی۔

لال کمار 47رنز پر آؤٹ ہوئے، نعمان علی اور عرفان علی نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں کے آر ایل نے 12 اوورزمیں ایک وکٹ پر56رنز بنالیے۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہورمیں میزبان ایگلز کیخلاف پی ٹی وی کی ٹیم 8 وکٹ پر 275 رنز بنانے میںکامیاب رہی، ریحان آفریدی 69 جبکہ رضوان حیدر اور حسن رضا47،47رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بلاول اقبال نے 4 بیٹسمینوں کو آؤٹ کیا۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ایچ بی ایل نے میزبان اسٹیگز کو 221 رنز سے آگے نہ بڑھنے دیا، فہد مقصود نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں، مظہر بشیر 66 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، جواب میں بینک نے 2 وکٹیں گنواکر 85 رنز بنالیے، عمران فرحت 27 اور فخر زمان 38 پر آؤٹ ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔