کراچی:پولیس افسر سمیت5افراد قتل،امام بارگاہ پرکریکر حملہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 31 اکتوبر 2014
فیروزآباد میں آٹوپارٹس ڈیلر،نشترروڈ پر مرتضیٰ،شرافی گوٹھ میں جاوید،قصبہ میں جان محمد قتل  فوٹو: فائل

فیروزآباد میں آٹوپارٹس ڈیلر،نشترروڈ پر مرتضیٰ،شرافی گوٹھ میں جاوید،قصبہ میں جان محمد قتل فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے آٹو پارٹس کے ڈیلراور پولیس افسر سمیت5 افراد ہلاک اور خاتون سمیت5 افراد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق  فیروز آباد کے علاقے شاہراہ قائدین طارق روڈ اﷲ والی چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ سے62 سالہ محبوب علی ولد قاسم علی جاں بحق ہوگیا ، ایس ایچ او فیروزآباد اورنگ زیب خٹک نے بتایا کہ مقتول پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک3 بنگلہ نمبر 164 کے رہائشی اور آٹوپارٹس کے ڈیلر تھے ،محبوب علی کو گزشتہ کافی عرصہ سے طالبان اور لیاری گینگ وار کے نام سے بھتے کی کالیں آرہی تھیں، انھوں نے سی پی ایل سی میں رپورٹ بھی کرائی تھی ، ، سولجر بازار کے علاقے نشتر روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ مرتضیٰ ولد محمد صادق زخمی ہو گیا ۔

زخمی کو طبی امداد کیلیے سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ گیا ،مقتول سولجر بازار کا رہائشی اور اسکول ٹیچر تھا ، شرافی گوٹھ کے علاقے پیر بخش گوٹھ پاور اسٹیشن کے قریب نامعلوم ملزمان کی رکشا نمبرD-11102 پر فائرنگ سے30 سالہ جاوید ولد سلیم ہلاک ہوگیا ،  پولیس نے واقعے کو گینگ وار کا شاخسانہ قرار دیا ہے ،کینٹ ریلوے کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ شمیم بی بی زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ، کورنگی نمبر3 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے55سالہ نور محمد زخمی ہو گیا ، کورنگی ڈھائی بسم اﷲ اسٹاپ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کی زد میں آکررکشا ڈرائیور35 سالہ عبدالرؤف زخمی ہو گیا۔

اعظم بستی حنفیہ مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں30سالہ کاشف ولد یاسین زخمی ہو گیا۔گلشن اقبال کے علاقے یونیورسٹی روڈ عزیز بھٹی پارک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس افسرا ے ایس آئی قلندربخش جاں بحق ہوگیا ، ڈی ایس پی عزیز بھٹی ناصر لودھی نے بتایا کہ مقتول پولیس افسر گلشن اقبال تھانے میں تعینات تھا اور محرم الحرام کے حوالے سے گلشن اقبال میں واقع سبطین امام بارگاہ کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دے کر واپس تھانے آیااور ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد تھانے میں اندراج کرکے موٹر سائیکل پر اپنی رہائش گاہ جا رہا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا ، فائرنگ کے اس واقعہ کے چند ہی منٹوں کے بعد گلشن اقبال کے علاقے یونیورسٹی روڈ ٹائم اسکوائرکے قریب بھی موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی سرتاج شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کر دیا ۔

ایس پی گلشن اقبال عابد قائمخانی بتایا کہ زخمی ہونے والا پولیس افسر بھی گلشن اقبال بلاک 5 میں واقع امام بارگاہ مدینۃ العلم پر سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے کے بعد تھانے میں اندراج کرانے کے بعد اپنے گھر جا رہا تھا ،دونوں وارداتوں میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا امکان ہے ، پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی  سے ملحقہ اسلامیہ کالونی میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے45 سالہ جان محمد کو موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس واقعہ کو ذاتی رنجش کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔ گلستان جوہر کے علاقے کامران چورنگی بلاک 4 مغل ہزارہ گوٹھ کے قریب واقع مسجد و امام بارگاہ وحدت المسلمین کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کی آواز دور تک سنائی دی،کریکر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم سڑک کے کنارے قائم سبیل پر بیٹھا ہوا کفایت علی زخمی ہوگیا ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی گلشن اقبال عابد قائمخانی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر علاقے کو اپنے گھیرے میں لیکر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا اس موقع پر امام بارگاہ میں موجود عزاداروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور واقعہ پر اپنے شدیدغم و غصے کا اظہارکیا ، ایس ایچ او گلستان جوہر حیات اﷲ نے بتایا کہ جس وقت موٹر سائیکل سوار کریکر پھینک کر فرار ہوئے قریب ہی واقع امام بارگاہ میں مجلس کے بعد دعا کی جا رہی تھی جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد موجود تھی ، انھوں نے بتایا کہ دھماکے سے مٹی میں گڑھا پڑ گیا ، ایس پی گلشن اقبالنے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے جانے والا کریکر دیسی ساختہ تھا اور اس حوالے سے بی ڈی ایس کا عملہ مزید تحقیقات کر رہا ہے جبکہ شبہ ہے کہ مذکورہ واقعہ میں وہی گروہ ملوث ہے جس نے دو روز قبل عائشہ منزل فلائی اوور کے اوپر سے آئی آر سی امام بارگاہ پر دستی بم پھینکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔