خیبر ایجنسی، جیٹ طیاروں کی بمباری، 20 دہشت گرد ہلاک

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 31 اکتوبر 2014
شمالی وزیرستان کے عیدک قبائل کا انخلا بھی جاری، 932 خاندان بنوں پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان کے عیدک قبائل کا انخلا بھی جاری، 932 خاندان بنوں پہنچ گئے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد / باڑہ: باڑہ کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 20 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 5 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے آپریشن خیبر ٹو کے دوران باڑہ کے علاقوں نالہ ملک دین خیل، شلوبر اور اکاخیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بم گرائے۔ اکاخیل کے علاقے میری خیل مداخیل میں حاجی رسول جان کے اسکول میں قائم شدت پسندوں کے ٹھکانے، سلطان خیل میں ملاخیل اسکول کے علاوہ کڑپہ اور گڈ ملنگ میں مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ علاقے سے نقل مکانی بھی جاری ہے۔ جمعرات کے روز بھی سیکڑوں خاندان پشاورکی جانب منتقل ہوگئے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے باعث عیدک قبائل کا انخلا جاری ہے، 932 خاندان نقل مکانی کرکے بنوں پہنچ گئے۔ پشاورکے علاقہ تہکال میں ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہنگو میں چار ماہ قبل اغوا ہونے والے اورکزئی ایجنسی کے 8افراد کو بازیاب کرالیا گیا۔ درگئی میں چیک پوسٹ پرگاڑی سے بھاری مقدار میں بارود برآمد کرلیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔